اسلام آباد (نیوز ایجنسیز) وزیراعظم شہباز شریف سے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی وسیکورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔دونوں سربراہوں نے امن و امان ، پاک افغان سرحدی معاملات پر بھی گفتگو کی ۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ فوج کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کے روز وزیراعظم شہباز شریف سے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ملاقات کی جس میں ملکی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔وزیراعظم شہباز شریف اور جنرل عاصم منیر کے درمیان ہونے والی ملاقات میں ملک کی اندرونی اور بیرونی سکیورٹی صورتحال پر تبالہ خیال کیا گیا۔ این این آئی کے مطابق چند روز قبل بھی آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی تھی۔ آرمی چیف کے علاوہ ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم نے بھی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی تھی۔ آن لائن کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں موجودہ سیاسی ،سکیورٹی اور معاشی صورتحال ا ور ملک کو درپیش چیلنجوں اور معاشی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا ۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے افواج پاکستان کی پیشہ ورانہ اور آپریشنل صلاحیتوں کو سراہا اور کہا کہ افواج پاکستان ملک سے دہشت گردی کے خاتمے میں صف اول کا کردار ادا کررہی ہیں اور ان کی یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ آرمی چیف نے وزیراعظم کو پاک فوج کے پیشہ ورانہ امور کے حوالے سے آگاہ کیا ۔ نمائندہ جنگ کے مطابق ذ رائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں ڈی جی آئی ایس آئی اور وزیر خزانہ اسحقٰ ڈار بھی موجود تھے۔ اس ملاقات کے بارے میں کوئی سر کاری اعلامیہ جاری نہیں کیا گیا تاہم پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کرانے کے حوالے سے سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد دونوں سربراہوں کی ملاقات کو اہمیت کاحامل قرار دیا جارہا ہے۔