• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم کی اماراتی کمپنی کو قابل تجدید توانائی میں سرمایہ کاری کی دعوت

اسلام آباد (محمد صالح ظافر) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کی کمپنی حیات بائیو ٹیک کو پاکستان میں قابل تجدید توانائی میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے، ان کا کہنا ہے کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں،پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیات بائیو ٹیک کے چیئرمین اور متحدہ عرب امارات کے حکمران خاندان کے رکن شیخ احمد دلموک المکتوم کی قیادت میں وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ یقین دلایا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔شیخ احمد دلموک المکتوم نے کہا کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع سے آگاہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات توانائی اور صحت کے شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو وسعت دینا چاہتا ہے۔ انہوں نے پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کاری کے پورٹ فولیو کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔ معزز مہمان نے وزیر اعظم کو حکومت سندھ کے تعاون سے شروع کئے گئے 1200 میگاواٹ کے پاور پلانٹ منصوبے کے بارے میں بھی بتایا جو شمسی اور ہوا سے توانائی کا ایک ہائبرڈ پاور پلانٹ ہوگا۔اس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر برائے نیشنل ہیلتھ سروسز عبدالقادر پٹیل، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور متعلقہ سرکاری محکموں کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
اہم خبریں سے مزید