اسلام آباد (ایجنسیاں)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آج جمعہ کو قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس طلب کر لیا ۔
اجلاس میں سول و عسکری قیادت شرکت کریگی، حساس اداروں کے سربراہان اجلاس کو قومی سلامتی پر بریفنگ دیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کو پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابات کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے بعد ملک میں پیدا ہونے والی سیاسی صورتحال اور معاشی مسائل پر بریفنگ دی جائے گی ۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں موجودہ صورت حال سے متعلق فیصلے کیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں آرمی چیف سمیت عسکری قیادت شریک ہو گی، اجلاس میں وفاقی وزراء بھی شریک ہوں گے۔
علاوہ ازیں وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ اپنے فیصلے سے رجوع کرے‘ فل کورٹ بنادے‘ جو فیصلہ آئے گا ہمیں قبول ہوگا‘بڑا آدمی وہی ہوتا ہے جو اپنی غلطی کو تسلیم کر لے، چیلنجز کا مقابلہ تنہا نہیں کر سکتا تمام اسٹیک ہولڈرز کو اپنا حصہ ڈالنا ہوگا، ابھی بھی موقع ہے۔