• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا بڑھنے لگا، پاکستان میں 58 متاثر، بھارت میں 4435 نئے مریض

کراچی (بابر علی اعوان / بلال عباسی / ارشد عزیز ملک / خضر گوندل حیات /نسیم حمید / نیوز ڈیسک) پاکستان میں اپریل میںکورونا وائرس بڑھنے کا رجحان ہے ، ملک بھر میں گزشتہ 24؍گھنٹوں کے دوران5ہزار 144ٹیسٹ کئے گئے جس میں 58نئےمریض سامنے آئے جبکہ ایک مریض جاں بحق ہوگیا، مثبت کیسز کی شرح 1.13فیصد رہی ، 15مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ، شہرقائد کراچی میں ایک ہفتے کے دوران 154؍ افراد کو کورونا ہوا جس کی مثبت شرح 8.45رہی ، سندھ کے دیگر حصوں میں صرف 4ٹیسٹ کئے گئے اور چاروں مثبت آئے، رواںماہ اپریل میں پنجاب میں سب سے زیادہ 105؍ افراد کورونا سے متاثر ہوئے اور گزشتہ 6روز کے دوران لاہور میں 2مریض بھی دم توڑ گئے ، صوبہ بلوچستان کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق کورونا کی شرح صفر ہے ، خیبرپختونخوا میں اپریل کے 6دنوں میں 18کیس منظر عام پر آئے جبکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 21؍ افراد وائرس کاشکار ہوئے۔ ادھر بھارت میں کورونا وائرس تیزی سے بڑھنے لگا ہے اور گزشتہ 24؍گھنٹوں کے دوران جان لیوا وباء کورنا وائرس کے 4435کیسز سامنے آگئے جو گزشتہ ستمبر کےبعد سے بلند تر ین تعداد ہے، یومیہ مثبت کیسز کی شرح 3.38فیصد ہوگئی ہے ، 24؍ گھنٹوں کے دوران مزید 15؍ افراد جان سے گئے۔ تفصیلات کے مطابق مارچ کے مہینے کی طرح اپریل 2023ء کے 6؍ دنوں میںکورونا کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ٹیسٹوں کی تعداد بڑھنے سے مریضوں کی تعداد میں بھی اضافہ متوقع ہے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (NCOC) کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24؍ گھنٹوں کے دوران کوروناکے لگ بھگ 58 کیسز مثبت پائے گئے۔ ایک مریض کی موت واقع ہوگئی جبکہ 15 کو انتہائی نگہداشت میں رکھا گیا ہے \۔اپریل کے پہلے پانچ روز کے دوران پنجاب میں سب سے زیادہ 105افراد میں کورونا پایاگیا جبکہ سندھ میں 90افراد کورونا کا شکار ہوئے ۔خیبرپختونخوا میں 18کیسز منظر عام پر آئے ۔ اسی طرح اسلام آباد میں 21اور بلوچستان میں دو کے قریب کیسز ریکارڈ کئے گئے ۔ سرکاری اعدادوشمار کے مطابق06 اپریل 2023 کو 5144 مریضوں کی جانچ کے دوران ملک میں مثبت کیسز کا تناسب تقریباً 1.13فیصد تھا۔05 اپریل 2023 کو تقریباً 3562 افراد کا ٹیسٹ کیا گیا اور 49 کیسز مثبت پائے گئے جن کی اوسط 1.38 فیصد تھی۔ اسی طرح 24 مریض تشویشناک حالت میں تھے لیکن کسی کی موت واقع نہیں ہوئی۔حکومتی ریکارڈ کے مطابق 04 اپریل 2023 کو 2946 ٹیسٹ کیے گئے اور ایک موت کے ساتھ 47 مثبت کیسز ریکارڈ کیے گئے تھے۔ مثبت کا تناسب 1.60تھا اور 20 مریضوں کی حالت تشویشناک تھی ۔03اپریل 2023کو تقریباً 2965ٹیسٹ کیے گئے اور 1.85فیصد تناسب کے ساتھ 55 مثبت کیسز ریکارڈ کیے گئے۔ انتہائی نگہداشت میں 14 مریضوںکو داخل کیا گیا لیکن کوئی موت واقع نہیں ہوئی۔اسی طرح 02 اپریل 2023 کو 3836 مریضوں کا ٹیسٹ کیا گیا اور 55 1 مریضوںمیں کورونا پایا گیا یوںمثبت کیسز کا تناسب 1.43ریکارڈ کیا گیا ۔ 26 کے قریب مریضوں کو انتہائی نگہداشت میں منتقل کیا گیاتاہم کوئی موت نہیں ہوئی ۔اپریل کے پہلے دن، تقریباً 6011 مریضوں کا کورونا ٹسٹ کیا گیا اور 87 مریضوں کی رپورٹ مثبت آئیںیوں مثبت تناسب 1.45 فیصد ریکارڈ کیا گیا ۔ تقریباً 25 افراد کوانتہائی نگہداشت میں لے جایا گیا جہاں اپریل کے پہلے دن کوئی موت درج نہیں ہوئی۔ محکمہ صحت سندھ سے حاصل اعداد و شمار کے مطابق 24؍ گھنٹوں کے دوران سندھ میں کورونا وائرس کے 821ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 15کی رپورٹس مثبت آئیں۔ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مثبت کیسوں کی شرح 1 اعشاریہ 8 فیصد آئی جبکہ 2مریض صحت یاب ہوئے۔ سندھ میں اس وقت کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 762 ہے جن میں سے 17 اسپتالوں میں داخل ہیں باقی 745 اپنے گھروں میں قرنطینہ میں ہیں۔ اسپتالوں میں داخل 17 مریضوں میں سے 4 کی حالت تشویشناک ہے لیکن کوئی بھی مریض وینٹی لیٹر پر نہیں۔ محکمہ صحت سندھ کے اعداد و شمار کے مطابق ایک ہفتے کے دوران کراچی میں کورونا وائرس کے 1822ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 154 میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔ کراچی میں ایک ہفتے میں کورونا وائرس کے مثبت کیسوں کی شرح 8؍ اعشاریہ 45؍ فیصد آئی۔ باقی پورے سندھ میں ایک ہفتے کے دوران صرف 4ٹیسٹ کیے گئے جو مثبت آئے۔ کورونا وائرس کی ابتدا سے 5 اپریل 2023 تک سندھ میں کورونا وائرس کے 91 لاکھ 43 ہزار 396 ٹیسٹ کیے گئے۔ اب تک 5 لاکھ 92 ہزار 758 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ 8 ہزار 260 افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہوئے۔ سندھ میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ 904 ہلاکتیں جون 2020 میں ہوئیں۔ جولائی 2020 میں 817 افراد کورونا وائرس کا شکار بنے۔ اگست 2021 میں ایک بار پھر ہلاکتوں میں اضافہ ہوا اور ایک ماہ میں 903 افراد ہلاک ہوئے، ستمبر 2021 میں 490 افراد چل بسے جس کے بعد ہلاکتوں میں بتدریج کمی ہوتی گئی۔ گزشتہ ماہ سندھ میں کورونا وائرس سے صرف 4 افراد ہلاک ہوئے۔ محکمہ صحت سندھ کے مطابق صوبے میں ایک دن میں کورونا وائرس کے 36 ہزار 440 ٹیسٹ کرنے کی استعداد موجود ہے۔ محکمہ نے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ کورونا وائرس سے بچنے کے لئے ویکسین کی بوسٹر ڈوز لگوائیں، پرہجوم مقامات سے احتراز کریں، اپنے ہاتھوں کو تواتر کے ساتھ دھوتے رہیں اور ماسک کا استعمال لازمی کریں۔
اہم خبریں سے مزید