• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مغالطے، جھوٹ اور حقائق

مصنّف: رضی الدّین سیّد

صفحات: 318، قیمت: 750 روپے

ناشر: شرکۃ الامتیاز، غزنی اسٹریٹ، اردو بازار، لاہور۔

فون نمبر: 0322-2344826

رضی الدّین سیّد معروف لکھاری ہیں اور اُن کی مختلف موضوعات پر لگ بھگ دو درجن کے قریب کتب شایع ہو چُکی ہیں، جن میں سے بعض کے تو کئی کئی ایڈیشنز بھی چَھپے ہیں، جب کہ مختلف اخبارات و جرائد میں اُن کے مضامین بھی چَھپتے رہتے ہیں۔ اُن کی تحریر کا بنیادی موضوع اسلام اور پاکستان ہے اور یہی وجہ ہے کہ اُن کے مضامین اِن ہی دو موضوعات کے گرد گھومتے ہیں۔ زیرِ نظر کتاب، جیسا کہ عنوان ہی سے ظاہر ہے، قیامِ پاکستان کی جدوجہد کے نظریاتی پہلو سے متعلق ہے۔ 

اُنھوں نے مختلف دلائل و شواہد کی بنیاد پر اِس رائے کو رَد کیا ہے کہ تحریکِ پاکستان کی پُشت پر کوئی سیکولر نظریہ کارفرما تھا۔ مصنّف کا کہنا ہے کہ پاکستان کا قیام دراصل برّصغیر کی اُن ڈیڑھ سو سالہ تحریکوں کا خلاصہ اور نچوڑ ہے، جو اسلام کی بنیاد پر چلائی گئیں۔ اِس ضمن میں اُنھوں نے حضرت مجدّد الف ثانیؒ سے اپنی بات کا آغاز کیا ہے۔ نیز، فاضل مصنّف نے قائدِ اعظم محمّد علی جناح سے متعلق پھیلائی گئی بدگمانیوں، غلط بیانیوں اور پروپیگنڈے کو بھی اپنے نقطۂ نظر کے مطابق رَد کیا ہے۔

اُنھوں نے خاص طور پر اِس دعوے کی تردید میں کافی مواد فراہم کیا ہے کہ بانیٔ پاکستان کے پیشِ نظر ایک مذہبی ریاست کی بجائے سیکولر ریاست کا قیام تھا۔اِس حوالے سے اُنھوں نے قائدِ اعظم کی کئی تقاریر اور بیانات کو بطور ثبوت پیش کیا ہے۔ نیز، فاضل مصنّف اُن افراد کے کردار کو بھی زیرِ بحث لائے ہیں، جو مختلف وجوہ کی بنا پر قائدِ اعظم یا تقسیمِ ہند کی مخالفت کرتے تھے۔ 

کتاب پانچ ابواب حقائق، قرار دادِ مقاصد، متفرّق، ضمیمے اور نظمیں میں منقسم ہے، جب کہ دو درجن کے قریب باکسز بھی کتاب کا حصّہ ہیں اور کئی تصاویر بھی اِس میں شامل کی گئی ہیں۔ ڈاکٹر صفدر محمود (مرحوم) نے اِس کتاب کی توصیف کرتے ہوئے اِسے نہایت اہم اور ایک قومی خدمت قرار دیا ہے۔