• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مرتّب: شفق رفیع

ہم نےہر سال کی طرح، حسبِ روایت اِمسال بھی، سنڈے میگزین کے’’عید الفطر ایڈیشن‘‘ کے لیے، آپ کو اپنے پیاروں کے نام پیغامات بھیجنےکا سندیسہ دیا۔ جواباً بہت کم وقت میں، آپ کی جانب سے بھی میٹھی عید کی میٹھی میٹھی خُوشیوں سے لب ریز، محبّت و چاہت کی شیرینی میں گندھے، دِلی جذبات و احساسات پر مبنی متعدّد پیغامات وصول پائے۔ گرچہ صفحات کی کمی کے سبب تمام پیغامات کی ایک ساتھ اشاعت ممکن نہیں۔ بہرحال، آپ کی نیک تمنّاؤں، محبّتوں، چاہتوں سے بَھرپور یہ پٹاری کھول کے آپ ہی کے سامنے رکھے دے رہےہیں۔ یاد رہے، پہلے موصول ہونے والےپیغامات کو ترجیحاً پہلے شائع کیا جا رہا ہے۔

(فرید اقبال انجم کے نام)

پیارے دوست!! میری طرف سے عیدِ سعید (میٹھی عید) کی میٹھی میٹھی مبارک باد قبول کرو۔ (محمّد موحد، پاکپتن سے)

(اہلِ اسلام، کُل اُمّتِ مسلمہ کے لیے )

اَن گنت دُعاؤں، نیک تمناؤں،پُرخلوص جذبوں کے ساتھ اہلِ اسلام کو چھوٹی عید کی بڑی خوشیاں بہت مبارک ہوں۔ (محمّد اقبال شاکر داؤدخیل کی دُعا)

(پیارے پاکستانی رشتےداروں، دوست احباب اور خیر خواہوں کے نام)

الله کرے ایسی کئی عیدیں آپ کو نصیب ہوں

خیر و برکت اور خوشیوں میں نہ آپ غریب ہوں

آپ کے لیے دُعائیں نکلتی ہیں دل سے شب و روز

دُور رہتے ہوئے بھی آپ ہم سے قریب ہوں (سمندر پار بستے قاسم عبّاس، ٹورنٹو، کینیڈا کا پیار)

( نصف بہتر، شریکِ حیات، شاذیہ عمران کے لیے)

راہوں کی یہ شام اور یادوں کا یہ سماں

اپنی پلکوں میں ہرگز ستارے نہ لائیں گے

رکھنا سنبھال کے تم چند خوشیاں میرے لیے

مَیں لَوٹ کہ آؤں گا، پھر عید منائیں گے (عمران خالد، کراچی سے)

(مُلک و ملّت اور دوستوں کے نام)

بےشک عیدالفطر روزے داروں کے لیے اللہ کی طرف سے ایک بہت خُوب صُورت انعام ہے، مگراس وقت ہمارامُلک شدید منہگائی، سخت سیاسی و معاشی بحران اور افراتفری و انتشار کی جس کیفیت سے گزر رہا ہے، ہر شخص پریشان، فکرمند ہے۔ پھر ہمارے مسلم ممالک، خاص طور پر تُرکیہ، شام، فلسطین، کشمیر کے عوام بھی مختلف مسائل کا شکار ہیں، تو میری گزارش ہے کہ یہ عید بےحد سادگی سے منائی جائے۔ 

نیز، عیدالفطر کے اس موقعے پر مَیں اپنی نیک تمنائیں اور مبارک بادیں کُل پاکستان کے ساتھ اپنے عزیزوں، بالخصوص ڈاکٹر (سرجن) اُسامہ اقبال، ڈاکٹر عینی، شیرین اور عنایت بھائی کو پیش کرتا ہوں۔ اللہ پاک ہم سب کی عبادات قبول فرمائے۔(آمین) (ڈاکٹر شاہ جہاں کھتری، لکھنؤ سوسائٹی، کورنگی، کراچی )

(قابل اور ہونہار کزنز کے لیے)

ہائر اسٹڈیز کے لیے ہانگ کانگ میں مقیم ماموں زاد، حمّاد علی خان سیال اور آئر لینڈ میں مقیم خالہ زاد، وقار احمد سیال کو ہماری طرف سے عید کی ڈھیروں مبارک باد۔ دُعا ہے، اللہ تعالیٰ آپ کو ایسی ہزاروں عیدیں دیکھنا نصیب فرمائے اور آنے والی زندگی میں بے پناہ کام یابیوں سے ہم کنار کرے، نیز مُلک و قوم کے لیے قیمتی اثاثہ بنائے۔ (آمین) (فوزیہ ناہید سیال، لاہور کی دُعا)

(منگیتر کے نام)

میری طرف سے میری منگیتر کو عیدالفطر کی خوشیاں مبارک ہوں۔ اللہ تعالیٰ آپ کو لمبی، صحت والی اور خوشیوں بَھری زندگی عطا کرے۔ دُعا ہے کہ اگلی عید ہم ایک ساتھ ہی منائیں۔ (آمین) (محمّد عُمر اسرار، بھکر کا پیغام)

پاپا جانی (مرحوم) کے لیے

وقت کی گردش اور زمانے کی بھول بھلیّوں میں آپ ہمیشہ میرے ساتھ ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ آپ بہت بہتر جگہ اور اللہ تعالیٰ کی رحمتوں کے سائے میں ہوں گے۔ ڈیئر پاپا! آئی لَو یُو سو مچ اینڈ آئی مِس یو آ لوٹ۔ (دختر پروفیسر ڈاکٹر ممتاز حُسین، ڈیرہ اللہ یار کی جانب سے) 

(تمام پاکستانیوں، اہلِ خانہ اور سہیلیوں کے نام)

کتنے خُوب صُورت ہوتے ہیں وہ رشتے، جن کی محبّت اور جذبوں کی صداقت فاصلوں کے باوجود کم نہیں ہوتی، جو ہمیشہ دِلوں میں یا دُعا بن کر لبوں پر رہتے ہیں۔ میرے تمام عزیز از جان رشتے داروں اور سہیلیوں کو میری طرف سے عید کی دلی مبارک باد قبول ہو۔ (شاہدہ ناصر کی طرف سے)

(اُمتِ مسلمہ کے نام)

پھولوں سے خُوش بُو لے کر، چاند سے روشنی لے کر، شہد سے مٹھاس لے کر اور دل سے دُعا دے کر ہم آپ کو ’’عید مبارک‘‘ کہتے ہیں۔ تمام مسلمانوں کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے عید مبارک۔ (عائزہ سحر، راول پنڈی سے)

دُرِ نایاب ، اَن مول بھیّا ظفر (مرحوم) کے لیے

باپ کی چھایا رکھنے والے شفیق و مہربان بھیّا جانی!! آپ کےساتھ ہمارا بچپن، بےفکری، مسکراہٹیں اور شایدساری خوشیاں بھی دفن ہوگئی ہیں۔ پہلے عید ہمیشہ آپ کی مُسکراہٹوں، دلار کے سنگ ہوتی تھی ، مگر اب بہت پھیکی اور بےمعنی سی ہوگئی ہے۔ بس جیسے ایک روایت ہی بن کر رہ گئی ہے۔ اے کاش، اے کاش! کہ آپ واپس لوٹ سکتے، آپ کی بہنیں آپ کے بنا بہت ادھوری، بہت رنجیدہ ہیں… (حمیدہ گُل، حمیراگُل، کوئٹہ سے)

محمّد شاہ زیب صدّیقی اور تمام اساتذہ کے نام

ہمارے اُستاد محترم محمّد شاہ زیب صدیقی سمیت تمام اساتذہ کرام کو، جن کی محنت کی وجہ سے آج ہم کام یاب انسان بن پائے، عید کی خوشیاں بہت مبارک ہوں۔ (وقاص علی قریشی، حیدرآباد کی طرف سے)

شفق خان، شانزہ خان اور مایا خان کے لیے

پیاری بہنوں شفق خان، شانزہ خان اور مایا خان کو دلی عید مبارک قبول ہو۔ میری دُعا ہے کہ تم سب سدا خوش و خرّم اور آباد رہو۔ (ثناء خان ماڈل کالونی، کراچی)

پوری اُمتِ مسلمہ اور جنگ گروپ کے نام

تمام اہلِ اسلام خصوصاً جنگ گروپ کو ہماری طرف سے دِلی عیدالفطر مبارک۔ اللہ پاک آپ کی عید کی خوشیاں دوبالا کردے۔ آمین۔ (سونیا عباس علی قریشی ہیرآباد، حیدرآباد کی جانب سے)

(اہلِ کراچی کے لیے)

حیدرآباد والوں کی طرف سے کراچی والوں،بالخصوص پیاری بہن الماس قریشی کو عید مبارک۔ (نفیسہ زرینہ قریشی ،لال مسجد ،حیدرآباد)

(بابا جانی اور بھائی جان کے نام)

آج عیدِ سعید کے پُر مسرّت دن مَیں آپ کے ابدی گھر (قبور) کے سامنے آپ کے قدموں میں بیٹھی، آپ کی بس ایک آواز کا انتظار کر رہی ہوں۔ یقین کریں، عیدیں اب ویسی بالکل نہیں رہیں، جیسی آپ کی موجودگی میں ہوا کرتی تھیں بلکہ شاید عیدیں، اب عیدیں ہی نہیں رہیں (بنتِ سومر خانگل، کلی ترخہ، کوئٹہ )

(اُمتِ مسلمہ کے لیے)

چلو ہم عید منائیں کہ جشن کا دن ہے

خوشی کے گیت سنائیں کہ جشن کا دن ہے

رُخوں پہ پھول کھلائیں کہ جشن کا دن ہے

دِلوں میں پریت جگائیں کہ جشن کا دن ہے

میری دُعا ہے کہ اللہ پاک کی رحمت تمام مسلمانوں کے وجود کو عید کی خوشیوں، مسرّتوں اور رنگینیوں سے بھر دے، آمین۔ (ملک محمّد رضوان، واپڈا ٹاؤن، لاہور کی طرف سے محبت بَھرا پیغام)

( نون الف کے نام )

جن راہوں سے تم گزرو

اُن راہوں کو بھی عید مبارک (عدنان عباسی، کراچی کی جانب سے)

(پیارے امّی ابّو کے لیے)

؎ دیکھا ہلالِ عید تو آیا تیرا خیال… میرے پیارے امّی، ابّو کو عید کی ڈھیروں ڈھیر خوشیاں نصیب ہوں۔ اُن کا سایہ ہمارے سَروں پر ہمیشہ سلامت رہے اور ہم سب ایک ساتھ ہزاروں، لاکھوں عیدیں منائیں۔ (روحان طیّب کی دُعا)

(سب سے پیاری ماما کے نام)

چلتی پھرتی ہوئی آنکھوں سے اذاں دیکھی ہے

مَیں نے جنّت تو نہیں دیکھی ہے، ماں دیکھی ہے

ماما! اللہ کرے آپ کو دنیا کی ساری خوشیاں ملیں اور ہم ہر عید تہوار ایسے ہی ایک ساتھ بھرپور طریقے سے منائیں۔ (ماہم عمران ، گلستانِ جوہر ،کراچی کا پیار)