• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایم کیو ایم کو مردم شماری کی فکر ہے تو حکومت چھوڑ دے: آفتاب صدیقی

آفتاب صدیقی—فائل فوٹو
آفتاب صدیقی—فائل فوٹو

پاکستان تحریکِ انصاف کراچی کے صدر آفتاب صدیقی نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کو مردم شماری کی فکر ہے تو حکومت چھوڑ دے، ہماری مہم کا حصہ بنے، ہم نے اس معاملے پر جماعتِ اسلامی سے بھی بات کی ہے۔

پی ٹی آئی رہنما آفتاب صدیقی نے پارٹی کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کی، اس دوران انہوں نے کہا کہ مردم شماری پر ان جماعتوں سے بات نہیں کریں گے جو اقتدار میں ہیں۔

آفتاب صدیقی نے کہا کہ کراچی کی 2 قومی اور 4 صوبائی نشستیں کم ہونے جا رہی ہیں، کراچی کی ہر سیاسی جماعت سے بات کریں گے۔

اُن کا کہنا ہے کہ مردم شماری پر آواز اٹھانا کراچی کے ہر شہری کی ذمے داری ہے،  کراچی کی الٹی گنتی کو تحریکِ انصاف نے مسترد کر دیا ہے، مردم شماری میں کراچی میں 1 کروڑ 38 لاکھ افراد گنے گئے، 2017ء کی مردم شماری کو بھی ہم نے مسترد کیا تھا۔

صدر پی ٹی آئی کراچی نے یہ بھی کہا ہے کہ 27 اور 28 اپریل کو ہم ٹاؤن کی سطح پر احتجاجی کیمپ لگائیں گے، 29 اپریل کو ہم نے مردم شماری سے متعلق سیمینار رکھا ہے۔

قومی خبریں سے مزید