قومی ایئرلائن کی دبئی سے ملتان کی پرواز کے فضائی میزبانوں سے 78 قیمتی آئی فونز برآمد ہوئے جنہیں ضبط کرلیا گیا ہے، یہ فونز اسمگل کیے گئے تھے۔
78 آئی فونز 16 پرو پرواز پر تعینات فضائی عملے کے 5 ارکان سے برآمد ہوئے ہیں۔
کسٹمز ذرائع کے مطابق اسمگلنگ میں ایئرہوسٹس اور فلائٹ اسٹیورڈز شامل ہیں۔ موبائل فونز کی اسمگلنگ میں پی آئی اے کا سینئر پرسر بھی ملوث بتایا گیا ہے۔
کسٹمز حکام نے پیشگی اطلاع پر دو ایئرہوسٹسز سے 24 آئی فونز برآمد کیے۔ خواتین میزبانوں کی نشاندہی پر تینوں مرد میزبانوں کو ہوٹل سے واپس بلوا کر 54 آئی فونز برآمد کیے گئے۔
اسمگلنگ میں ملوث تمام فضائی میزبانوں کو حراست میں لے کر مزید کارروائی کی گئی۔