• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب اسمبلی، بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے اپوزیشن کا احتجاج


پنجاب اسمبلی میں بانی تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہائی کےلیے اپوزیشن ارکان نے احتجاج کیا اور اسپیکر ڈائس کے سامنے کھڑے ہوکر نعرے بازی کی۔

صوبائی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران متعلقہ وزیر اور صوبائی سیکریٹری نہ ہونے پر اپوزیشن نے احتجاج کیا۔

اپوزیشن رکن رانا شہباز نے اس دوران کہا کہ حکومت اسمبلی اجلاس چلانے میں سنجیدہ نہیں، ایک بھی صوبائی وزیر اس وقت ایوان میں موجود نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اجلاس میں کوئی وزیر نہیں جس سے سوالات کیے جائیں۔

ڈپٹی اسپیکر نے استفسار کیا کہ اپوزیشن کے چیف وہپ بتائیں ان کی جماعت کے ارکان کہاں ہیں؟ سیکرٹری لائیواسٹاک ایوان میں کیوں نہیں آئے؟

اس پر پی ٹی آئی کے شہاب الدین نے کہا کہ اجلاس ملتوی کریں، سیکرٹری کو بلائیں، ایوان کو بے توقیر نہ کریں جبکہ ا مجد علی جاوید نے کہا کہ میرے سوالات کے جواب درست نہیں ہیں۔

اعجاز شفیع نے کہا کہ اپوزیشن کی 300 کے قریب تحریک التوا تاخیر کا شکار ہیں، تحریک التوا پیش کئے بغیر اسمبلی کی کارروائی کس طرح مکمل ہوسکتی ہے۔

عظمیٰ کاردار نے کہا کہ سوالات کا وقت مقرر کیا جائے باقی ارکان کےلیے وقت نہیں بچتا۔

بعدازاں ایجنڈا مکمل ہونے پر پنجاب اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا گیا۔

قومی خبریں سے مزید