کراچی (نیوز ڈیسک) بھارت میں ویڈیو دیکھنے کے دوران موبائل فون پھٹنے سے 8سالہ بچی ہلاک ہوگئی، بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست کیرالہ میں پیش آیا، پولیس کے مطابق بچی اپنے گھر میں موبائل فون پر فلم دیکھ رہی تھی، اس دوران اچانک موبائل فون پھٹ گیا اور بچی جان کی بازی ہار گئی۔ پولیس ابھی یہ تصدیق نہیں کرسکی کہ بچی کس کمپنی کا موبائل فون استعمال کر رہی تھی۔ پولیس نے اصل وجوہات جاننے کے لیے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ فرانزک ٹیم کو بھی ذمہ داری سونپ دی ہے۔موبائل فون پھٹنے سے کسی شخص کے ہلاک ہونے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے، کچھ روز قبل اترپردیش میں موبائل فون چارجنگ پر لگاتے ہوئے کرنٹ لگنے سے ایک لڑکا ہلاک ہوگیا تھا۔ ماہرین کا خیال ہے کہ چارجنگ کے دوران موبائل فون استعمال کرنے سے گریز کرنا چاہیے، اس کے علاوہ موبائل فون اوور چارج ہونے سے بھی موبائل پھٹنے کے خطرات میں اضافہ ہوجاتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ موبائل فون زیادہ چارج ہونے سے بیٹری گرم ہوجاتی ہے، انتہائی صورتحال میں بیٹری میں آگ بھی لگ سکتی ہے۔