پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ یہ پی ٹی آئی نہیں یہ جلاؤ گھیراؤ کرنے والے مٹھی بھر لوگ ہیں۔
جیو نیوز کے پروگرام ’کیپٹل ٹاک‘ میں گفتگو کے دوران فیصل واوڈا نے کہا کہ عمران خان کا ماضی دیکھیں، وہ جوڑنے والا بندہ تھا۔
انہوں نے کہا کہ کابینہ میں جب یہ سمری پیش ہوئی تو میں نے مخالفت کی تھی، کابینہ اجلاس میں بند لفافہ دکھایا گیا تھا۔
فیصل واوڈا نے مزید کہا کہ میرا پیار اور احترام عمران خان کے ساتھ تھا اور رہے گا، یہ وہ تحریک انصاف ہی نہیں، یہ جلاؤ گھیراؤ والے مٹھی بھر لوگ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی گرفتاری پر لوگوں کے جذبات کو ابھارا جارہا ہے، عمران خان کی صحت کی خرابی کا پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔
سابق سینیٹر نے یہ بھی کہا کہ کور کمانڈر لاہور نے کل بردباری سے کام لیا، مظاہرین پر گولی نہیں چلائی۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی احتجاج پُرامن رکھے، عمران خان کو کچھ بھی نہیں ہوگا، پاکستان کی موجودہ صورتِ حال کا بھارت فائدہ اٹھا رہا ہے۔