• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
فائل فوٹو
فائل فوٹو 

قبض کو سو بیماریوں کی جڑ کہا جاتا ہے، قبض کا وقت پر علاج ناگزیر ہوتا ہے ورنہ یہ دائمی شکل اختیار کر کے روز مرہ کی روٹین کو متاثر کر سکتی ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق  جسم میں پانی کی کمی، ناقص غذا، مخصوص ادویات، کوئی پوشیدہ بیماری، اعصابی نظام کو متاثر کرنے والے امراض یا ذہنی بیماریوں کے نتیجے میں قبض کا سامنا ہوسکتا ہے جسے عام سمجھ کر نظر انداز کرنا خطرناک ہو سکتا ہے۔

غذائی ماہرین کے مطابق قبض کی شکایت سے دو چار افراد کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ باآسانی دستیاب چند غذائیں ایسی ہیں جن سے قبض کی شکایت میں آرام مل سکتا ہے۔

پانی کی صحیح مقدار 

قبض کے شکار افراد کے لیے پانی کی مطلوبہ مقدار 10 سے 12 ہیں، اگر اس مقدار سے کم پانی پی رہے ہیں تو قبض سے نجات حاصل کرنا ناممکن سی بات ، اسی لیے ضروری ہے کہ پانی کی وافر مقدار کو روزانہ کا معمول بنالیا جائے۔

کافی سے قبض کا علاج 

ماہرین کے مطابق متعدد تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ کافی پینے سے آنتوں اور معدے میں خصوصی طور پر ایک حرکت پیدا ہوتی ہے، 2006ء میں شائع کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگر خواتین باقاعدگی سے کافی پئیں تو ان میں قبض کی کیفیت پیدا نہیں ہوتی۔

السی کے بیج 

ماہرین کے مطابق اگر صرف چارملی لیٹر السی کے بیجوں کا تیل روزانہ استعمال کر لیا جائے تو اس سے قبض دور ہوسکتا ہے، السی (فلیکس سیڈ) کے بیج اور اس کا تیل اب پاکستان میں عام دستیاب ہے۔

دہی کا استعمال

غذائی ماہرین کے مطابق دہی میں پرو بائیوٹکس کی مقدار زیادہ پائی جاتی ہے جو معدے کو صحت مند رکھنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے اور دہی قبض کی شکایت دور کرتا ہے۔

پاپ کارن کا استعمال

پاپ کارن میں فائبر کی مقدار زیادہ ہوتی ہے جو قبض سے بچانے کے لیے اہم ترین جز ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ پاپ کارن کھاتے ہوئے صرف نمک اور چکنائی کی مقدار کے استعمال پر کڑی نظر رکھیں۔

تربوز کا استعمال

آج کل ہر مارکیٹ سے باآسانی مل جانے والے پھل تربوز میں فائبر کی مقدار تو زیادہ نہیں ہوتی مگر اس کا 92 فیصد حصہ پانی پر مشتمل ہوتا ہے، جس سے آنتوں کا افعال ہونا بہتر ہوتا ہے اور اس کے استعمال سے قبض کی شکایت ختم ہو جاتی ہے۔

لیموں اور شہد کا استعمال 

شہد کو قبض دور کرنے کے لیے ایک فائدہ مند گھریلو علاج مانا جاتا ہے، شہد کو دودھ یا چائے یا پانی میں ملا کر پیا جا سکتا ہے، اس کے نتائج زیادہ فائدہ مند ہو جاتے ہیں جب شہد کو نیم گرم پانی کے ساتھ چند قطرے لیموں کے رس کے ساتھ ملا کر پیتے ہیں۔

انجیر کا استعمال 

انجیر کو گرم پانی میں بھگو کر اس کا پانی پینے اور پھل کھالینے سے قبض سے فوری نجات مل سکتی ہے، اس میں فائبر بہت زیادہ ہوتا ہے، انجیر بچوں میں قبض کے لیے بہترین گھریلو علاج کے طور پر جانا جاتا ہے۔

اس کے علاوہ اپنے نظام انہضام کو بہتر بنانے کے لیے اسے  روزمرہ کی خوراک میں شامل کیا جا سکتا ہے۔

سونف کے پانی کا استعمال 

سونف کا پانی، قہوہ مکمل طور پر معدے کی صفائی اور ہاضمہ درست کرتا ہے، سونف کا قہوہ جسم کو مختلف زہریلے مادوں سے پاک کرنے کا ایک بہترین ذریعہ بھی ہے اور ہاضمے کے مسائل کے ساتھ ساتھ میٹابولزم کو مزید تیز بھی کرتا ہے۔

تلسی کے پتوں کا قہوہ 

طبی ماہرین کے مطابق تلسی کے پتے جسمانی، کیمیائی، میٹابولک، اور نفسیاتی تناؤ کو دور کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں، تلسی کے پتے خون میں گلوکوز اور بلڈ پریشر کو معمول پر لا کر میٹابولک تناؤ کا مقابلہ کرتے ہیں لہٰذا اس کے پتوں سے بنائے جانے والا قہوہ قبض کی شکایت کے لیے نہایت مفید ثابت ہوتا ہے۔

صحت سے مزید