• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہائر ایجوکیشن کمیشن میں تمام بھرتیاں روک دیں، نیا چیرمین میرٹ پر لگایا جائے گا، خالد مقبول

 
—جنگ فوٹو
—جنگ فوٹو

وفاقی وزیرِ تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ وفاقی ہائر ایجوکیشن کمیشن میں ڈی جیز، ایڈوائزر اور ای ڈی سمیت تمام بھرتیاں روک دی گئی ہیں، ہائر ایجوکیشن کا نیا چیئرمین میرٹ پر لگایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ 16 جولائی کو ہونے والے سرچ کمیٹی کے اجلاس میں چیئرمین کا اشتہار فائنل کر لیا جائے گا، تاہم نئے چیئرمین کی تلاش کے لیے کچھ وقت لگے گا اس دوران قائم مقام چیئرمین کا تقرر کر دیا جائے گا۔

وہ اتوار کو آرٹس کونسل میں نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کے زیرِ اہتمام تقسیمِ اسناد کی تقریب کے بعد جنگ/ دی نیوز سے خصوصی گفتگو کر رہے تھے۔ 

انہوں نے کہا کہ کراچی میں جامعہ کراچی سے بھی بڑی یونیورسٹی قائم کی جا رہی ہے جس کے لیے دو سو ایکڑ زمین درکار ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کراچی کے باشندوں کو قدیم اور بوسیدہ گھروں کی بنیاد پر بے گھر نہیں ہونے دیا جائے گا، اس کے لیے ہم عدالت جائیں گے۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ شہری نشانے پر ہیں، دیکھنا یہ ہے کہ کس نے ان کو نشانے پر لیا ہوا ہے، اس صوبے میں سب سے زیادہ ترقی کرنے والی کرپشن کی انڈسٹری ہے، یہ بڑا المیہ ہے کہ متاثرین کی مدد کے لیے بھی اجازت لینی پڑتی ہے۔

وفاقی وزیرِ تعلیم نے کہا کہ ہم خود غیر قانونی تعمیرات اور بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے خلاف مقدمہ درج کروائیں گے، ہم سندھ بلڈنگ اتھارٹی کے خلاف ایف ائی آر درج کروائیں گے۔

قومی خبریں سے مزید