• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج کا پٹیالہ بلاک مہاراجہ بھوپندر سنگھ نے بنوایا

لاہور( واصف ناگی ) سکھ کمیونٹی کے وفد نےکنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کا دورہ کیا ،دورے کا مقصد سکھ کمیونٹی کی جانب سے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی اور پٹیالہ بلاک سے تاریخی محبت کا اعتراف اور اظہار یکجہتی کرنا ہے۔ نگراں وزیر صحت پنجاب پروفیسر جاوید اکرم نے اس موقع پر منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمود ایاز نے مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا ، سکھ کمیونٹی کی جانب سے سردار امیر سنگھ، سردار تربیدعا سنگھ، سردار کلیان سنگھ، گیانی دیا سنگھ، گیانی رنجیت سنگھ، مہندر پال سنگھ،سلونت کور، مہک دیپک، گیانی بلونت سنگھ، ڈاکٹر ممپال سنگھ، ڈاکٹر ایمن جیت کور، درشن سنگھ، سنتوکھ سنگھ اور دیگر موجود تھے۔جبکہ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر پروفیسر اعجاز حسین، رجسٹرار ڈاکٹر ریاست علی، پروفیسر ہارون حامد، پروفیسر زہرہ خانم ، ایم ایس میو ہسپتال ڈاکٹر منیر احمد ملک جنگ گروپ واصف ناگی، ڈینز اور دیگر فیکلٹی ممبران نے شرکت کی، ڈاکٹر جاوید اکرم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سکھ کمیونٹی سے ملاقات کرکے بڑی خوشی محسوس ہورہی ہے انسانیت کا تعلق کسی مذہب سے نہیں ہوتااللہ تعالیٰ نے انسانوں کو آزمانے کیلئے مختلف شناخت کے ساتھ پیدا کیا ہے۔ہمیں حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی امت ہونے پر فخر ہے۔ پاکستان لا الہ الااللہ کی بنیاد پر قائم ہوا ہے اور حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلّم سب مسلمانوں کے لئے رول ماڈل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مریضوں کی خدمت کرنے والے سکھ ڈاکٹرز کی خدمات کو سراہتے ہیں۔ ڈاکٹر محمود ایاز نے کہا کہ بھو پندر سنگھ نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج کے پٹیالہ بلاک کی تعمیر کروائی جس کو تاریخ میں زندہ رکھا جائے گا۔ ایڈیٹر جنگ گروپ واصف ناگی کا کہنا تھا کہ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں سکھ کمیونٹی کو مدعو کر کے پروفیسر محمود ایاز نے تاریخ زندہ کر دی۔کلیان سنگھ کا کہنا تھا کہ آج کا دن سکھ قوم کے لئے بہت یادگار دن ہے۔لاہور شہر میں جو بھی تاریخی عمارتیں ہیں اس کی تعمیر میں مہاراجہ بھوپندر سنگھ کا اہم رول ہے۔یوکے سے آئے سردار تربیدعا سنگھ کا کہنا تھا کہ وائس چانسلر نے سکھ قوم کی تاریخ کو زندہ کیا جس پر ہم مشکور ہیں۔صدر پاکستان گوردوارہ پربھندک کمیٹی سردار امیر سنگھ کا کہنا تھا کہ اسلام سمیت دیگر مذاہب میں انسان اور انسانیت کی خدمت کا درس ملتا ہے انہوں نے کہا کہ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کی تعمیر و ترقی کے لئے جو بھی خدمات ہوں گی سکھ قوم اس کے لئے پیش پیش ہوگی۔اسسٹنٹ پروفیسر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر ممپال سنگھ نے کہا کہ مجھے یونیورسٹی کا فیکلٹی ممبر ہونے پر بے حد فخر ہے کسی بھی ادارے کی اصل پہچان اس کی تاریخ اور ورثہ ہے اور اس ورثے کو وائس چانسلر پروفیسر محمود ایاز نے زندہ کیا ہے۔ مجھے آج جو مقام ملا وہ میرے اساتذہ اور کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کی بدولت ملا جس پر میں تمام لوگوں کا اور خاص طور پر وائس چانسلر پروفیسر محمود ایاز کا مشکور ہوں۔تقریب کے اختتام پر وائس چانسلر پروفیسر محمود ایاز کی جانب سے سکھ کمیونٹی کو یادگاری شیلڈز سے نوازا گیا۔
لاہور سے مزید