اُردن کے ولی عہد ایک ممتاز سعودی خاندان کی بیٹی رجوہ السیف سے شادی کے بندھن میں بندھ گئے ہیں۔
اس شاہی شادی کی تقریب میں دنیا بھر کے شاہی خاندانوں کے افراد اور دیگر نامور شخصیات نے شرکت کی۔
برطانوی شاہی خاندان کے شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن نے بھی اردن کی اس شاہی شادی کی تقریب میں شرکت کی۔
شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن کی شادی میں شرکت کی ایک ویڈیو برطانوی شاہی خاندان کے آفیشل یوٹیوب چینل پر شیئر کی گئی ہے۔
اس ویڈیو میں اردن کے بادشاہ شاہ عبداللّٰہ دوم اور ملکہ رانیہ کو ولیم اور کیٹ کا استقبال کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
ویڈیو کے کیپشن میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ جب شہزادی کیٹ مڈلٹن کے والد اردن میں کام کرتے تھے تو اُنہوں نے اپنے بچپن کے تقریباََ ڈھائی سال اُردن میں گزارے۔
کیپشن میں مزید بتایا گیا کہ اس دوران کیٹ اُردن کے دارالحکومت عمان کے ایک اسکول میں زیرِ تعلیم بھی رہیں۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اس ویڈیو کو بہت پسند کیا جارہا ہے اور شاہی شادی کی تقریب کی بھی خوب تعریفیں کی جارہی ہیں۔
اُردن کی اس شاہی شادی کی تقریب میں شرکت کرنے والی دیگر قابل ذکر شخصیات میں ہالینڈ کے بادشاہ ولیم الیگزینڈر اور ملکہ میکسیما، بیلجیئم سے بادشاہ فلپ، شہزادی الزبتھ اور ڈینمارک سے شہزادہ فریڈرک اور شہزادی میری شامل ہیں۔