• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کروڑوں مسلمانوں کی جہد مسلسل سے پاکستان تو بن گیا مگر بھارت کی ہندو قیادت نے اس کے خلاف شروع ہی سے سازشوں کے جال بچھا دئیے جن کے نتیجے میں جموں و کشمیر پر غاصبانہ قبضے، مشرقی پاکستان کی علیحدگی اور اس کے ساتھ ہی بلوچستان میں دہشت گردی کی راہ ہموار ہوئی۔ بھارتی بحریہ کے افسر کلبھوشن یادو بلوچستان میں جاسوسی کرتا ہوا پکڑا گیا۔ بات اسی پر ختم نہیں ہوئی۔ بھارتی خفیہ ایجنسی را، بھارتی میڈیا اور بلوچ دہشت گردوں کے گٹھ جوڑ کی ایک اور سازش بے نقاب ہوئی ہے جس کے تحت مودی سرکار بلوچستان میں علیحدگی کو فروغ دینے کیلئے بین الاقوامی سطح پر پراپیگنڈے کو ہوا دے رہی ہے۔ بھارتی فوج کا کرنل اشوک را کے بلوچستان ڈیسک کا انچارج ہے جبکہ بھارتی صحافی منیش رائے اور بلوچستان میں اس کا سہولت کار عبدالجبار کریم زئی اس منصوبے کے مرکزی کردار ہیں جو بلوچستان کے پرامن نوجوانوں کو بہکانے اور امن کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کیلئے مختلف پمفلٹس اور تربیتی دستاویزات تیار کر کے انہیں بین الاقوامی پراپیگنڈے کیلئے استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے بلوچ دہشت گردوں اور ان کی اعلیٰ قیادت کے انٹرویو بھی کئے جن میں بی ایل ایف کے گوہرام بلوچ ، بی ایل اے کے گلزار امام شمبھے اور بی این اے کے حیر بیار مری بھی شامل ہیں۔ پاکستان کے خلاف شرانگیز مہم کی تازہ واردات بھارتی پارلیمنٹ کی نئی عمارت پر جس کا چند روز قبل افتتاح ہوا،ایک ایسا نقشہ آویزاں کرنا ہے جس میں پاکستان کو اکھنڈ بھارت کا حصہ دکھایا گیا ہے۔ دفتر خارجہ نے اسی اشتعال انگیزی پر شدید ردعمل کا اظہار بھی کیا ہے، یہ تمام شواہد پاکستان کے خلاف گھنائونے بھارتی عزائم کی عکاسی کرتے ہیں جس پر حکومت، عوام اور ایجنسیوں کو ہمہ وقت چوکس رہنے کی ضرورت ہے۔

اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں 00923004647998

تازہ ترین