• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خرم دستگیر نے سوہاوہ گرڈ اسٹیشن کا افتتاح کر دیا

وفاقی وزیرِ توانائی خرم دستگیر سوہاوہ گرڈ اسٹیشن کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے—تصویر بشکریہ ٹوئٹر
وفاقی وزیرِ توانائی خرم دستگیر سوہاوہ گرڈ اسٹیشن کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے—تصویر بشکریہ ٹوئٹر

وفاقی وزیرِ توانائی خرم دستگیر نے 132 کے وی کے سوہاوہ گرڈ اسٹیشن کا افتتاح کر دیا۔

سوہاوہ گرڈ اسٹیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خرم دستگیر نے بتایا کہ اس گرڈ اسٹیشن پر 40 کروڑ روپے لاگت آئی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ سوہاوہ گرڈ اسٹیشن کا آغاز 2016ء میں ہوا لیکن بد قسمتی سے اس پر کام آگے نہ بڑھا۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ سوہاوہ گرڈ اسٹیشن سے تحصیل گوجر خان اور تحصیل سوہاوہ کی آبادی مستفید ہو گی۔

خرم دستگیر نے کہا کہ ملک کو بنانے والے اب واپس آ گئے ہیں ملک کی ترقی کا دور پھر شروع ہوا ہے، سوہاوہ گرڈ اسٹیشن سے علاقے میں خوش حالی آئے گی، یہاں انڈسٹریز لگیں گی۔

انہوں نے بتایا کہ سوہاوہ گرڈ اسٹیشن سے 11 فیڈرز منسلک ہیں، ہم نے تھر سے مٹیاری تک ٹرانسمیشن لائن مکمل کی ہے، حکومت نے پاک ایران بارڈر پر بھی منصوبہ شروع کیا ہے۔

وفاقی وزیرِ توانائی کا کہنا ہے کہ 2 ہزار میگا واٹ بجلی پاکستان کی مٹی کوئلے سے نکل کر شامل ہو گی، ہم نے عوام دشمن حکومت کو گھر بھیجا ہے، پاکستانی عوام سے ثابت قدمی کا وعدہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بجلی ہو گی تو فیکٹریاں لگیں گی، روزگار پیدا ہو گا، ہم نے فیصل آباد میں بھی 500 اور 300 کے وی کے گرڈ اسٹیشنز بنائے ہیں۔

وفاقی وزیرِ توانائی خرم دستگیر کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملک میں جتنی سڑکیں بنیں ان پر نواز شریف اور شہباز شریف کی مہریں ہیں، پاکستان کی ترقی کا مشن ہم نے اٹھایا ہے۔

قومی خبریں سے مزید