سابق صدر آصف علی زرداری اور دیگر کے خلاف 4 جعلی بینک اکاؤنٹس کے ریفرنسز نیب کو واپس بھیج دیے گئے۔
احتساب عدالت میں آصف زرداری اور دیگر کے خلاف جعلی بینک اکاؤنٹس ریفرنسز کی سماعت ہوئی تو جج محمد بشیر نے ریفرنسز نیب کو واپس بھیجنے کا فیصلہ سنا دیا۔
آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک اور نیب پراسیکیوٹرز عدالت میں پیش ہوئے۔
فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ نیب قوانین میں ترمیم کے بعد یہ ریفرنسز عدالت کے دائرہ اختیار میں نہیں آتے، احتساب عدالت ریفرنسز پر ٹرائل نہیں چلا سکتی۔
عدالت نے آصف زرداری، فریال تالپور، حسین لوائی اور دیگر کے خلاف منی لانڈرنگ ریفرنس نیب کو واپس بھیج دیا۔
علاوہ ازیں منظور قادر اور دیگر ملزمان کے خلاف پلاٹ الاٹمنٹ ریفرنس جبکہ بلال شیخ اور دیگر ملزمان کے خلاف سندھ بینک ریفرنس بھی نیب کو واپس بھیج دیا گیا۔
احتساب عدالت نے پنک ریذیڈنسی ریفرنس بھی نیب کو واپس بھجوا دیا۔
واضح رہے کہ آصف زرداری کے خلاف 4 نیب ریفرنسز پہلے ہی نیب کو واپس ہو چکے ہیں۔