• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: ’سی وی یو‘ پر سمندر میں شدید طغیانی، پانی حدیں پار کرنے لگا


بحیرہ عرب میں موجود سمندری طوفان بپرجوائے نے اپنے اثرات دکھانا شروع کر دیے ہیں، سمندر میں شدید طغیانی کے باعث کراچی’سی وی یو‘ کی ساحلی پٹی پر پانی کی سطح بلند ہوگئی ہے۔

جنگ کو موصول ہونے والی ویڈیو میں آج صبح کے مناظر دیکھے جاسکتے ہیں کہ سمندر کی لہریں اس قدر بلند ہو گئی ہیں کہ یہ سڑک کنارے قائم منڈیر (دیوار) تک پہنچ کر مسلسل ٹکرا رہی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بپرجوائےکے زیر اثر کراچی میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا امکان ہے۔

شہر قائد کا آج کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 51 فیصد ہے۔

شہر میں جنوب مشرق سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار 15 سے 36 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔

خیال رہے کہ سمندری طوفان بپرجوائے کراچی کے جنوب مغرب سے 310 کلو میٹر کی دوری پر ہے اور 150سے 160 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے اپنی منزل کی جانب بڑھ رہا ہے۔

تاہم محکمہ موسمیات کے مطابق بپر جوائے مسلسل گزشتہ 6 گھنٹوں سے اپنا رخ بدلتے ہوئے اب شمال مشرق کی جانب بڑھ رہا ہے، جس کی وجہ سے یہ کراچی کے ساحل سے دور جبکہ کیٹی بندر اور بھارتی ریاست گجرات کی ساحلی پٹی سے قریب تر ہوتا جا رہا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج بروز جمعرات سمندری طوفان کسی بھی وقت کیٹی بندر اور بھارتی ریاست گجرات کے درمیان کسی مقام سے ٹکرا سکتا ہے۔