• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
سید اظہر حسنین عابدی ایک ماہر تعلیم اور کیریئر کونسلر ہیں جو تقریباً بیس سال سے زیادہ عرصے سے کونسلنگ کے شعبہ سے منسلک ہیں۔ وہ تعلیم کے موضوع پر ایک سو سے زیادہ قومی و بین الاقوامی سیمینارز میں ملک کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ سید عابدی نے12500سے زیادہ طلبہ کو ان کے بہتر مستقبل کے لئے اندرون ملک اور بیرون ملک مفید مشورے دیئے ہیں۔ ہزاروں بچوں نے ان کے ذریعے بے شمار وظائف حاصل کئے ہیں۔ ان کے ملکی اور غیر ملکی ہائی رینکنگ تعلیمی اداروں سے بھی رابطے میں آپ کو ان کی انہی خدمات کے صلے میں صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان نے تمغہ امتیاز بھی عطا کیا ہے۔
سید عابدی جنگ گروپ کے تعاون سے ہر ہفتے والدین، طالب علم، اساتذہ اور تعلیم کے شعبے سے منسلک افراد کے سوالوں کے جواب دیں گے اور آپ کو اس کالم کے ذریعے تعلیم کے شعبے کے بارے میں مفید مشورے فراہم کریں گےخاص طور پر کیریئر کونسلنگ کے بارے میں۔ بچوں کی بروقت کونسلنگ ان میں نہاں صلاحیتوں اور رجحان کو نہ صرف ابھارتی ہے بلکہ ان کی صلاحیتوں اور رجحان کے مطابق انہیں درست تعلیمی کیریئر کا راستہ بھی دکھاتی ہے۔ یہ کونسلنگ ان والدین کی بھی رہنمائی کرتی ہے جو بچوں کی مخفی صلاحیتوں اور رجحان کو جانے بغیر انہیں اپنی خواہشات کے مطابق تعلیمی کیریئر اختیار کرنے پر مجبور کرتے ہیں۔
سید عابدی ماہر تعلیم اور ایجوکیشن کونسلر اس کالم کے ذریعے آپ کے سوالوں کا جواب دیتے ہیں۔ان سے رابطے کیلئے s.abidi@janggroup.com.pk پر ای میل کریں تاکہ آپ کے بچوں یا تعلیم سے منسلک آپ کے سوالوں کے جواب اور مفید مشورے فراہم کریں۔

س۔سر میرا نام راشد چوہدری ہے میں نے بی کام کرنے کے بعد ایم ایس سی PIMSAT سے کیا ہے 2003ء سے میں ایوی ایشن کے شعبے میں کام کر رہا ہوں برائے کرم آپ رہنمائی کریں کہ میں اپنے متعلقہ شعبے میں کون سی ڈگری کروں جو میرے لئے فائدہ مند ثابت ہو؟ (راشد چوہدری۔کراچی)
ج۔آپ کے ایوی ایشن کے تجربے کو مدنظر رکھتے ہوئے میں آپ کو تجویز کروں گا کہ آپ ایم ایس سی ٹرانسپورٹ اینڈ کارگو ہینڈلنگ میں کریں۔ بیرون ممالک میں بہت سی یونیورسٹیاں یہ ڈگری پروگرام کراتی ہیں اور آپ کے موجودہ تجر بے اور تعلیم کے ساتھ آپ کو آگے بڑھنے میں بہت مددگار ثابت ہو گا۔
س۔سر میں نے ایف اے کیا ہے اور میں ایک ادارے میں بطور ایڈمن اسسٹنٹ کام کر رہا ہوں ،میں ہوٹل مینجمنٹ کا کورس کرنا چاہتا ہوں میری عمر 27 سال ہے برائے کرم مجھے بتائیں کہ یہ میرے لئے بہتر رہے گا یا نہیں؟ (سعید احمد۔اسلام آباد)
ج۔آپ ہوٹل مینجمنٹ کر سکتے ہیں لیکن اس کے بعد آپ کو اپنا کیریئر اس شعبے میں بنانے کے لئے تھوڑا وقت درکار ہو گا، بدقسمتی سے ایف اے کے بعد جو آپ کی پڑھائی کا وقفہ ہے اس کی وجہ سے میں یہ مشورہ دوں گا کہ آپ بی اے پرائیوٹ کریں اور اس کے بعد آپ ہوٹل مینجمنٹ کی طرف جائیں۔
س۔عابدی صاحب میں آپ سے مشورہ لینا چاہتا ہوں میرے بیٹے نے FSC کیا ہے اسے سوفٹ ویئر انجینئرنگ کرنے کا شوق ہے البتہ میرا ارادہ تھا کہ وہ اسپیس انجینئرنگ میں جائے لیکن اب اس نے سوفٹ ویئر انجینئرنگ کا ہی انتخاب کیا ہے برائے کرم آپ مجھے بتائیں کہ کن ممالک میں سوفٹ ویئر انجینئرنگ کا اسکوپ زیادہ ہے؟ (اظہار خان۔دبئی)
ج۔میں آپ کے بیٹے کے انتخاب کی قدر کرتا ہوں اس کے لئے سوفٹ ویئر انجینئرنگ ،اسپیس انجینئرنگ سے بہت بہتر ہے یو کے، یو ایس اے،کینیڈا اور آسٹریلیا کی تمام اچھی یونیورسٹیوں میں سوفٹ ویئر انجینئرنگ کرائی جاتی ہے ۔بیچلرز اور پوسٹ گریجویٹ لیول پر سوفٹ ویئر انجینئرنگ کی تقرییاً پچاس سے زیادہ شاخیں موجود ہیں اور میں ہر طالب علم کو یہ مشورہ دیتا ہوں کہ وہ اپنی اسپیشلائزیشن کا انتخاب کرتے وقت بہت سوچ سمجھ کر فیصلہ کرے ۔ہمیشہ اس اسپیشلائزیشن کا انتخاب کریں جو آپ کی ڈگری سے متعلق ہو اور جس کا اندرون و بیرون ِممالک میں اسکوپ ہو۔
س۔سر میں سوفٹ ویئر انجینئرنگ UMT لاہور سے کر رہا ہوں ،میں ابھی پانچویں سمیسٹر میں ہوں اور میرا CGPA تقریباً 3.0 ہے برائے کرم مجھے بتائیں کہ میں مستقبل میں کیا کروں (محمد حاشر۔لاہور)
ج۔میرا یہ مشورہ ہے کہ آپ اپنے فائنل سمیسٹر پر توجہ دیں اور کوشش کریں کہ آپ کا CGPA .0 3 سے زیادہ ہو۔ مستقبل کے لئے میں آپ کو ایم ایس سی ویب سکیورٹی یا انٹرنیٹ سکیورٹی میں سے کسی ایک کو کرنے کا مشورہ دوں گا اور مجھے امید ہے کہ اس سے آپ کو ملازمت کے بہتر مواقع حاصل ہوں گے۔
س۔سرمیں نے آپ کا پروگرام جیو تیز پردیکھا تھا آپ سے گزارش ہے کہ میری رہنمائی کریں میں نے ایف ایس سی پری انجینئرنگ 84% مارکس سے کیا ہے اور مجھے انجینئرنگ میں جانے کا کوئی شوق نہیں کیونکہ ریاضی میرا پسندیدہ مضمون ہے اور میرا ارادہ ہے کہ میں مستقبل میں چارٹرڈ اکاونٹنٹ بنوں آپ مجھے بتائیں کہ میں CA کروں یا نہ کروں اور یہ میرے لئے بہتر ہو گا یا نہیں؟ (منیب شاہد۔اسلام آباد)
ج۔چارٹرڈ اکاونٹنٹینسی کورس کافی عرصہ سے پوری دنیا میں قابلیت کے اعتبار سے مانا ہوا تصور کیا جاتا ہے ،اگر آپ ریاضی میں بہتر کارگردگی دکھا رہے ہیں تو چارٹرڈ اکاونٹنٹینسی آپ کے لئے موزوں ترین شعبہ ہے۔
تازہ ترین