اٹک سے ایک پھل فروش کی انوکھے انداز میں آم بیچنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل اس ویڈیو میں پھل فروش کو اپنے آم بیچنے کے لیے 2010ء کے فیفا ورلڈ کپ کے لیے بنائے گئے آفیشل ترانے ’واکا واکا‘ کو نئےانداز میں گاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
ویڈیو میں پھل فروش مشہور ترانے کی دھن کو برقرار رکھتے ہوئے لوگوں کو آم کے استعمال کے مختلف طریقے بتاتے ہوئے لوگوں پر زور دیتا ہے کہ وہ اپنے بچوں کے لیے آم خریدیں۔
آم بیچنے کے لیے بنائے گئے ’واکا واکا‘ کے اس مزاحیہ ورژن کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بہت پسند کیا جارہا ہے اور اس وائرل ویڈیو کو اب تک 6 لاکھ سے زائد ویوز مل چُکے ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے پھل فروش کی تخلیقی صلاحیتوں کی بھی خوب تعریفیں کی جارہی ہیں۔
یہاں تک کہ کچھ صارفین نے تو اسے ’پاکستانی شکیرا‘ قرار دے دیا ہے۔
واضح رہے کہ 2010ء کے فیفا ورلڈ کپ کے آفیشل ترانے کو کولمبیا سے تعلق رکھنے والی نامور گلوکارہ شکیرا کی آواز میں ریکارڈ کیا گیا تھا۔