• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جبل نور پر آنے والی خاتون سے مستی کرتے ہوئے شرارتی بندر کی ویڈیو وائرل


نٹکھٹ اور شرارتی بندر کی ویڈیو ان دنوں سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جو عازمین حج کو تنگ کرنے اور ان سے کھیلنے کی کوشش کر رہا ہے۔

مختلف غیر ملکی میڈیا ویب سائٹز پر وائرل ویڈیو میں ایک خاتون کو مکۃ المکرمہ کے قریب جبل النور کی زیارت کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خاتون عازمین حج غار حرا دیکھنے کی خاطر جبل النور کی چوٹی پر چڑھنے کی کوشش کر رہی ہیں کہ اتنے میں مستی کرتا ہوا ایک بندر اچانک نمودار ہوتا ہے اور خاتون کو دیکھ کر ان کی جانب لپک کر کھیلنے کی کوشش کرتا ہے۔

خاتون اس بندر کی خواہش تو پوری نہیں کرسکیں لیکن بندر ان سے ضد کرنے کے بعد ان کا کپڑا لے کر بھاگ جاتا ہے۔

ممکنہ طور پر اس امید میں کہ شاید مذکورہ خاتون اسے پکڑنے آئیں گی تاہم جب خاتون اس کے پیچھے نہیں آتی تو نٹکھٹ بندر مایوس ہوکر خاتون کا کپڑا تھامے ایک بار پھر ان خاتون کی جانب چلا جاتا ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل اس ویڈیو پر صارفین دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں اور ویڈیو کو پسند کر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ جبل نور پر موجود ان بندروں کے لئے عازمین حجاج خوشی خوشی کھانے پینے کی اشیاء ساتھ لے جاتے ہیں اور انہیں کھلاتے ہیں۔ 

واضح رہے کہ مکۃ المکرمہ  آنے والے عازمین حجاج جبل نور اور غار حرا کی زیارت کے لیے دشوار اور لمبا راستہ طے کرکے پہاڑ کی چوٹی تک پہنچتے ہیں۔