یوں تو ماؤں کی محبت، عظمت اور ان کی قربانیوں کا کوئی نعم البدل نہیں ہوتا تاہم اگر اولاد اپنے والدین کے لئے ان کی زندگی میں کچھ خاص کر جائے تو ان کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہیں رہتا، ان کا خون دُگنا ہوجاتا ہے۔
ایسے ہی دل کو چھولینے والی خوبصورت ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے جس میں ایک پائلٹ اپنی والدہ کو حج پر جانے والے طیارے میں خوش آمدید کہتا دکھائی دے رہا ہے۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک خاتون طیارے میں داخل ہوتے ہوئے اپنا پاسپورٹ اور ٹکٹ چیک کروا ہی رہی ہوتی ہیں کہ اچانک ان کا بیٹا جو کہ اس فلائٹ کا پائلٹ ہوتا ہے نمودار ہوجاتا، اسے دیکھ کر خاتون کا چہرہ خوشی اور حیرت سے چمک اٹھتا ہے جبکہ آنکھیں اشک بار ہوجاتی ہیں۔
ہوائی جہاز کے دیگر عملے کو بھی اس خاتون کا خیرمقدم کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، بعدازاں بیٹا اپنی والدہ کو ان کے بازو سے نرمی سے پکڑ کر ان کی نشست تک لے جاتا ہے۔
مذکورہ ویڈیو پائلٹ عبداللہ کی جانب سے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر شیئر کی گئی تھی۔
پائلٹ عبداللہ مصری ایئر لائن میں شریک پائلٹ ہیں اور انہوں نے حج پر جانے والی والدہ کے لئے سرپرائیز پلان کیا اور انہیں بتایا کہ وہ کویت جارہا ہے۔
سوشل میڈیا پر 22 جون کو ویڈیو شیئر کرتے ہوئے عبداللّہ نے کیپشن میں لکھا کہ ’انہوں نے اپنی ساری زندگی ہمارے لیے گزار دی، ان کا واحد خواب تھا کہ ایک دن میرے ساتھ ہوائی جہاز میں اڑن بھریں، ان کا خواب پورا ہوا، اللّہ تعالیٰ آپ کو نوازے‘۔
انہوں نے اپنے عملے کا شکریہ بھی ادا کیا جنہوں نے اس سرپرائیز میں ان کا بھرپور ساتھ دیا۔
اس ویڈیو کو 3.8 ملین سے زائد بار دیکھا اور 1 لاکھ سے زائد بار پسند کیا جاچکا ہے جبکہ صافین بیٹے اور ماں کی اس محبت کو دیکھ کر دعا گو ہیں۔