مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ تحریکِ انصاف نے آئی ایم ایف سے معاہدے کو ناکام بنانے کے لیے لابنگ کی۔
نارووال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ پی ٹی آئی نے معاہدے کو سبوتاژ کرنے کی پوری کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف معاہدے سے معیشت بہتر ہو گی اور پاکستان کے روپے کی قدر میں بہتری آئے گی، معاہدے سے اگلے چند ماہ میں مہنگائی میں کمی آئے گی۔
احسن اقبال نے کہا کہ 2018ء کی سازش 1971ء کے سانحے سے کم نہیں تھی، 2018ء میں پاکستان کا مستقبل چھینا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو 9 بڑے چیلنجز ہیں جن پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، ہمیں اپنے نظامِ عدل کو مضبوط کرنا ہے، جس ملک میں عدل نہیں ہوتا وہاں غیر ملکی سرمایہ کار نہیں آتے۔
احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ ہمارے یہاں رات 1 بجے تک تجارتی مراکز کھلے ہوتے ہیں، بجلی اور گیس کی چوری سے ملک پر بوجھ پڑتا ہے۔