قومی کرکٹ ٹیم کے موجودہ کپتان بابر اعظم کی سابق کپتان شاہد آفریدی کے ہاتھوں امریکن پول میں شکست کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
یوں تو پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کافی مہمان نواز ہیں، کراچی میں قومی کرکٹرز موجود ہوں اور ان کے گھر دعوت نہ ہو ایسا تو ہو ہی نہیں سکتا۔
پھر ایسے میں عید کے بعد دورہ سری لنکا بھی سر پر ہو اور دنیا کرکٹ کے نمبر ون بیٹر بابر اعظم بھی حج سے واپسی پر کراچی میں ہی ہوں تو بوم بوم آفریدی کیسے مہمان نوازی کا یہ موقع ہاتھ سے جانے دیتے۔
یاد رہے کہ عید الفطر کے بعد بھی سابق کپتان شاہد آفریدی نے اپنے گھر قومی کرکٹرز کی دعوت کی تھی، جس میں روایتی پکوان سے کھلاڑیوں کی تواضع کی گئی تھی۔
مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر لالا کی دعوت سے کچھ ویڈیو وائرل ہو رہی ہیں، جن میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم، سابق ٹیسٹ کپتان سرفراز احمد، شاہین شاہ آفریدی اور امام الحق سمیت دیگر کرکٹرز دکھائی دے رہے ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین اس وائرل ویڈیو میں اسنوکر(امریکن پول) کے شوقین شاہد افریدی بمقابلہ بابر اعظم دیکھ کر خوب لطف اندوز ہو رہے ہیں، ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ان کے درمیان یہ مقابلہ آل راؤنڈر شاہد آفریدی اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں۔
خیال رہے کہ بابر اعظم جلد دورہ سری لنکا کے دوران ایکشن میں نظر آئیں گے، وہ 2 میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں سری لنکا کیخلاف قومی رکٹ ٹیم کی نمائندگی کریں گے۔ پہلا ٹیسٹ میچ 16 سے 20 جولائی جبکہ دوسرا 24 سے 28 جولائی کے درمیان کھیلا جائے گا۔