• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا: رولر کوسٹر تکنیکی خرابی کی وجہ سے ہوا میں الٹا لٹک گیا، ویڈیو وائرل


امریکی ریاست وسکونسن میں جاری فیسٹیول کے دوران رولر کوسٹر خراب ہوگیا۔ رولر کوسٹر میں سوار 8 افراد تین گھنٹے تک ہوا میں الٹے لٹکے رہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق وسکونسن کے علاقے کرینڈن میں ’آسیلٹنگ فائربال‘ نامی رولرکوسٹر رائڈ کے دوران خراب ہوگیا۔

رولرکوسٹر عین اس وقت خراب ہوا جب وہ ہوا میں الٹا تھا، اس میں سوار 8 افراد تین گھنٹے تک بےحال ہوا میں لٹکے رہے، جن کی ویڈیوز اس وقت مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہو رہی ہے۔ 

 اس خراب رولر کوسٹر کو کئی کوششوں کے باوجود جب ٹھیک نہ کیا جاسکا تو اس میں سوار ان افراد کو کرین کی مدد سے اُتارا گیا۔

میڈیا ذرائع کے مطابق فائر بریگیڈ کے عملے نے 45 منٹ تک مسلسل کوششوں کے بعد انہیں کرین کی مدد سے نیچے بحفاظت اُتارا گیا۔

فائربریگیڈ کے عملے کے مطابق ان 8 افراد میں سے 7 بچے تھے جبکہ ایک بزرگ شخص تھا۔

فائربریگیڈ کے عملے نے میڈیا کو بتایا کہ جس وقت ایک بچی کو ریسکیو کرنے پہنچے تو اس نے عملے سے درخواست کی کہ وہ پہلے بزرگ شخص کو نکالیں کیونکہ ان کی حالت خراب ہو رہی ہے۔

واضح رہے کہ ان تمام افراد کو بحفاظت رولر کوسٹر سے نکال لیا گیا جبکہ ایک شخص کی حالت خراب ہونے کی وجہ سے اسے مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

میڈیا ذرائع کے مطابق پارک کی انتظامیہ رولرکوسٹر بند ہونے کی وجوہات جاننے کی کوشش کر رہا ہے جبکہ فی الوقت اسے عوام کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔