شاعر: واجد امیر
صفحات: 112، ہدیہ: 600روپے
ناشر: رنگِ ادب پبلی کیشنز،آفس نمبر5، کتاب مارکیٹ، اردو بازار، کراچی۔
فون نمبر: 2085325 - 0336
واجد امیر کی شاعرانہ حیثیت مسلم ہے۔ اردو غزل کو جن شعراء نے سندِ اعتبار عطا کی، اُن میں ایک نام واجد امیر کا بھی ہے۔ہمارے پیشِ نظر اُن کا نعتیہ مجموعہ ہے، جس کا نام بھی اپنے اندر گہری معنویت رکھتا ہے۔ اِس مجموعے میں ایک حمد، ایک مناجات اور53نعتیں شامل ہیں۔ پیش لفظ ڈاکٹر ریاض مجید نے تحریر کیا ہے۔ تقدیسی ادب کے حوالے سے اُن کی خدمات مثالی بھی ہیں اور قابلِ تحسین بھی۔ واجد امیر نے غزل کی طرح نعت کو بھی جدید پیرایۂ اظہار عطا کیا ہے۔
اُن کی نعت میں موضوعات کا جو تنوّع نظر آتا ہے، وہ اُن کی اپنی ذات، اپنے سماج اور آج کے آفاقی مسائل سے پوری طرح جڑا ہوا ہے۔ اُن کی نعت، روایتی نعت سے بہت مختلف ہے کہ مشکل زمینوں میں، نئے موضوعات تراشنا بھی ایک ہنر ہے۔نیز، اُن کی نعت، صرف عقیدت سے عبارت نہیں، بلکہ اُس میں جمالیاتی عُنصر بھی غالب ہے۔
جب کہ ڈاکٹر ریاض مجید کی واجد امیر کی نعتیہ شاعری سے متعلق یہ سطور سند کا درجہ رکھتی ہیں کہ’’جب وہ درپیش فکری مسائل کو حضور اکرمﷺ کی محبّت سے آمیز کرکے نعت لکھتے ہیں، تو اس سے اُن کی نعت کا فکری کینوس بہت مختلف ہوجاتا ہے۔بحیثیتِ مجموعی، اُن کی نعت آج کی تہذیبی، تمدّنی زندگی کو درپیش مسائل سے اُبھرنے والی نعت ہے۔‘‘