ترتیب وپیشکش: حمیدہ کشش
صفحات: 164 ، قیمت: 1200روپے
ناشر: کشش پبلی کیشنز، کراچی
فون نمبر: 3649610 - 0334
زیرِ نظر کتاب کے لیے جن پانچ شعرا کا انتخاب کیا گیا، بلاشبہ اُن کا بنیادی حوالہ کراچی ہے، لیکن اُن میں سے ایک شاعر بھی ایسا نہیں، جسے صرف کراچی تک محدود رکھا جائے۔ پانچوں شعرا کو منفرد مقام حاصل ہے۔ ڈاکٹر پیر زادہ قاسم رضا صدیقی، انور شعور اور صابر ظفر نے اپنی شاعری کے ذریعے قارئین کو متاثر کیا اور ادبی دنیا میں اپنی جگہ بنائی، جب کہ پروفیسر سحر انصاری اور ڈاکٹر شاداب احسانی شاعری کے علاوہ تنقید اور تحقیق کے حوالے سے بھی نمایاں شناخت رکھتے ہیں۔ اِس کتاب میں پروفیسر سحر انصاری پر شاعر علی شاعر، انور شعور پر مشفق خواجہ، صابر ظفر پر ڈاکٹر ناصر عباس نیّر اور ڈاکٹر شاداب احسانی پر ڈاکٹر وزیر آغا کے مضامین شامل ہیں۔ کتاب کا نا م بہت احتیاط کا متقاضی ہوتا ہے۔
ہمیں لفظ’’ عبقری‘‘ پر اعتراض ہے۔ یہ لفظ بہت بلیغ ہے اور اس لفظ کا استعمال کہاں کیا جانا چاہیے، شاید حمیدہ کشش کو ابھی اِس کا ادراک نہیں۔ حمیدہ کشش شاعرہ بھی ہیں اور افسانہ نگار بھی، ان حوالوں سے ان کی کئی کتابیں منظرِ عام پر آچکی ہیں، اُنہوں نے زیرِ تبصرہ کتاب مرتّب کرکے بہت اہم خدمت انجام دی ہے۔ ہر شاعر کی بیس غزلوں کا انتخاب بھی بہت عرق ریزی سے کیا گیا ہے۔ عموماً مشاعروں میں ڈاکٹر پیر زادہ قاسم رضا صدیقی کو انور شعور کے بعد پڑھایا جاتا ہے، لیکن اِس کتاب میں ترتیب بدل دی گئی ہے۔اُمید ہے کہ حمیدہ کشش نے جس کام کا آغاز کیا ہے، اس میں مزید اضافہ کریں گی۔کراچی کے نوجوان شعرا بہت اچھی شاعری کر رہے ہیں، تو ایک کتاب ایسی بھی شائع کی جائے، جس میں نئی نسل کی بھرپور نمائندگی ہو۔