• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مصنّف: انور احمد علوی

صفحات: 160، قیمت: 1000 روپے

ناشر: رنگِ ادب پبلی کیشنز، آفس نمبر5، کتاب مارکیٹ، اردو بازار، کراچی۔

فون نمبر: 2085325 - 0336

انور احمد علوی کا شمار اُن مزاح نگاروں میں ہوتا ہے، جنہوں نے مزاح میں بھی مقصدیت کو پیشِ نظر رکھا۔ شائستگی اور شستگی اُن کی نمایاں پہچان ہے۔ نیز، سماجی ناہم واریوں اور معاشرتی زندگی پر اُن کی گہری نظر ہے۔ ہمارے سامنے اُن کی آٹھویں کتاب ہے، جو مردانہ، زنانہ اور بچکانہ شخصی خاکوں پر مشتمل ہے۔ بقول ڈاکٹر انور سدید’’ انور احمد علوی کا مزاح، مضحک صُورت پیدا نہیں کرتا اور عملی مذاق میں لفظ کا حلیہ بھی نہیں بگڑتا، توانا مزاح، فطری ناہم واریوں سے نمو پاتا ہے۔ 

اردو ادب میں اِس نوع کے لکھنے والے کم، بہت ہی کم ہیں۔‘‘ انور احمد علوی وسیع المطالعہ آدمی ہیں اور اُن کے مطالعے نے بھی اُن کی شخصیت اور فن میں نکھار پیدا کیا ہے۔ اُن کے یہاں فکری تنوّع اور اسلوبیاتی انداز انفرادیت کا حامل ہے، تو تحریروں میں زبان و بیان کی سادگی، برجستگی، تلخ و شیریں تجربات، عمیق مشاہدات اور نازک احساسات روزمرّہ کی گفتگو کی طرح دَر آتے ہیں،جب کہ اُن کا مزاح، ہم عصر مزاح نگاروں سے بڑی حد تک الگ نظر آتا ہے۔ کہیں کہیں ایسا محسوس ہوتا ہے کہ انور احمد علوی نے سینئرز سے فکری طور پر کسبِ فیض کیا ہے اور اُن کے نثری فن پاروں کی روشنی میں اپنی تحریروں کو نکھارا ہے۔