امریکا کے دارالحکومت واشنگٹن کے علاقے جارج ٹاؤن میں جہاں جائیدادیں کافی مہنگی ہوتی ہے وہاں پر ایک دیوار کی قیمت 50 ہزار ڈالر دیکھ کر لوگ حیران رہ گئے۔
جائیدادوں کی خرید و فروخت کے کاروبار سے منسلک کیلر ویلیمز نے جارج ٹاؤن کے علاقے میں ایک جائیداد کی قیمت 50 ہزار ڈالر پر مبنی پوسٹ لگائی۔ پوسٹ میں ایک تصویر میں پڑوس کے مکان سے جڑی ہوئی دیوار والی عمارت دیکھی جاسکتی تھی۔
واضح رہے کہ یہ علاقہ کافی شاندار ہے، جہاں دکانیں اور ریسٹورنٹ کے ساتھ یہ دریائے پوٹو میک سے صرف دس منٹ کی پیدل مسافت پر ہے اور یہاں جائیدادوں کی قیمت 15 لاکھ ڈالر سے زیادہ ہوتی ہے۔
یہ اشتہار دیکھ کر بڑی تعداد میں خریدار متحرک ہوئے لیکن ان کی امیدیں اس وقت دم توڑ گئیں جب انہیں پتہ چلا کہ یہ اشتہار کسی گھر کے لیے نہیں بلکہ ایک جزوی اور ٹوٹی پھوٹی دیوار کے لیے ہے۔
یاد رہے کہ اس اشتہار کا عنوان، جارج ٹاؤن کے ایک ٹکڑے کے مالک بنیے تھا، اس دیوار کے موجودہ مالک ایلن برجر کا دعویٰ تھا کہ یہ اشتہار مذاق نہیں ہے۔
ایلن برجر کے مطابق اس کا دیوار سے منسلک گھر کی مالکہ کے ساتھ دیوار میں پانی رسنے اور اس کے کمزور ہونے کے حوالے سے تنازع چل رہا ہے اور وہ خاتون اسے 600 ڈالر میں خریدنا چاہتی ہیں۔
جبکہ ایلن برجر نے اس کی قیمت 50 ہزار ڈالر لگائی ہے اور اتنی بڑی رقم خاتون کے لیے ادا کرنا مشکل تھا جس پر ایلن برجر اب کسی اور خریدار کو یہ فروخت کرنا چاہتا ہے۔