• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بوائے فرینڈ سے ناراض لڑکی 80 فٹ اونچے ٹاور پر چڑھ گئی


بالی ووڈ کی مشہور فلم شعلے میں ویرو کا ٹنکی والا سین تھوڑی بہت رد و بدل کے بعد اس وقت حقیقت کا روپ دھار گیا جب ایک بوائے فرینڈ اپنی گرل فرینڈ کے پیچھے بجلی کے ٹاور پر چڑھ گیا۔

یوں تو فلم شعلے میں ویرو کا ٹنکی والا معروف سین بھی حقیقی واقعے سے متاثر ہو کر لکھا گیا تھا لیکن اب حال ہی میں کچھ اسی قسم کے مناظر ایک بار پھر دیکھے گئے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا پر گردش کرتی ویڈیو چھتیس گڑھ کے ضلع گوریلا پیندرا مارواہی کی ہے، جس میں ایک لڑکی کو اپنے بوائے فرینڈ سے ناراض ہونے کے بعد 80 فٹ اونچے ہائی ٹینشن پاور لائن کے ٹاور پر چڑھتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

معاملہ اس وقت بگڑ گیا جب لڑکی کے بوائے فرینڈ نے بھی اپنی ناراض گرل فرینڈ کو منانے کے لئے بجلی کے ٹاور  پر چڑھنے کا فیصلہ کیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جب کچھ مقامی دیہاتیوں نے ان دونوں کو ٹاور کے اوپر چڑھتے ہوئے دیکھا تو فوری طور پر پولیس کو مطلع کردیا۔ پولیس کے پہنچنے تک گاؤں والوں کا ایک بڑا ہجوم ٹاور کے گرد جمع ہو چکا تھا۔

پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر جوڑے کے اہل خانہ کو بھی واقعے کی اطلاع دی  تاہم گھنٹوں مذاکرات کے بعد دونوں کو نیچے اُترنے پر راضی کر لیا گیا۔