ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے سُپر ایٹ مرحلے میں گروپ 2 کے میچ میں انگلینڈ نے 146 رنز بنا کر بھی میچ یکطرفہ بنادیا، ہوم ٹیم سری لنکا 95 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور 51 رنز کے بڑے مارجن سے کامیابی حاصل کرلی۔
پالیکلے میں کھیلے جارہے اس میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقرر 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 146 رنز بنائے، سری لنکا نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے فل سالٹ کے علاوہ کسی انگلش بیٹر کو کھل کر نہ کھیلنے دیا۔
فل سالٹ نے 40 گیندوں پر 62 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، ول جیکس 21 رنز بنا کر دوسرے قابل ذکر کھلاڑی رہے۔
سری لنکا کی جانب سے دنتھ ویلالاگے نے 3، مہیش تھیکشنا اور دلشن مدھوشنکا نے دو دو جبکہ دشمانتھا چمیرا نے ایک وکٹ لی۔
سری لنکا کےلیے ہوم کنڈیشنز پر 147 رنز کا ہدف انگلش بولرز نے پہاڑ بنادیا۔ آسٹریلیا کو ناک آؤٹ کرنے والی لنکن ٹیم 95 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
انگلینڈ کے ول جیکس نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ جوفرا آرچر، عادل رشید، لیام ڈاسن نے دو دو جبکہ جیمی اوورٹن نے ایک وکٹ لی۔
سری لنکا کی جانب سے کپتان داسن شناکا 30 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے جبکہ کمنڈو مینڈس 13 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بیٹر تھے۔
انگلینڈ کے ول جیکس کو آل راؤنڈ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز سُپر ایٹ مرحلے میں اسی گروپ کا پہلا میچ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہونا تھا جو بارش کی نذر ہوگیا تھا اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔