پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے بھی نگراں وزیراعظم کیلئے نام دے دیے۔
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے نگراں وزیراعظم کیلئے دو نام دے دیے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی نے سابق سیکریٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی کا نام دیا، پی پی نے سابق چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی کا نام بھی نگراں وزیراعظم کیلئے دیا ہے۔
اس سے قبل متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے وفد نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے دوران نگراں وزیراعظم کیلئے گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا نام تجویز کیا۔
یاد رہے کہ قومی اسمبلی آج رات بارہ بجے تحلیل کردی جائے گی، وزیراعظم شہباز شریف اس حوالے سے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو خط لکھیں گے۔
اس سے قبل اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کا کہنا تھا کہ آج وزیراعظم سے ملاقات متوقع ہے، اگلے تین دن میں نگراں وزیر اعظم کا نام فائنل ہوجائے گا، مکمن ہے وزیراعظم سے کل دوبارہ ملاقات ہو۔
جیو نیوز کی جانب سے راجہ ریاض سے سوال کیا گیا کہ نگراں وزیراعظم کیلئے وزیراعظم سے ملاقات نہ ہو پائی،کیا کوئی ڈیڈلاک ہے؟
اپوزیشن لیڈر نے جواب میں کہا کہ کسی قسم کا ڈیڈلاک نہیں، آج اسمبلی تحلیل ہوجائے گی، تین دن کا وقت ہے اس میں مل کر نگراں وزیراعظم کیلئےمشاورت کریں گے۔
راجہ ریاض سے سوال کیا گیا کہ تین ناموں پر اتفاق نہ ہوا تو کیا الیکشن کمیشن تک نگراں وزیراعظم کا نام جائے گا؟
راجہ ریاض نے جواب دیا کہ کوشش کریں گے کہ وزیراعظم اور میں کسی ایک نام پر متفق ہوں۔
ایک سوال کہ نگراں وزیراعظم کیلئے سیاستدان بہترہوگا یا کوئی بیوروکریٹ؟ پر راجہ ریاض نے کہا کہ کوئی بہتر نام ہوگا جسے عوام اور میڈیا سراہیں گے۔