پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے اُبھرتے اداکار و گلوکار ثمر جعفری نے شوبز انڈسٹری میں 11 سال تک کام نہ ملنے سے متعلق انکشاف کیا ہے۔
نجی ٹی وی کے ڈرامہ سیریل ’مائی ری‘ میں کم عمر دُلہا، والد اور گھر کا سربراہ ’ فاخر‘ کا کردار ادا کرنے والے فنکار ثمر عباس جعفری نے حال ہی میں ایک جریدے کے لیے انٹرویو دیا ہے۔
19 سالہ اداکار نے ’فوچیا میگزین‘ کو انٹرویو کے دوران بتایا کہ ان کی فیملی میں شوبز انڈسٹری سے کسی کا کوئی تعلق نہیں ہے، وہ اپنے خاندان کے پہلے فرد ہیں جنہوں نے شوبز انڈسٹری کو بطور پیشہ اپنایا۔
اداکار کا کہنا تھا کہ اِنہیں شوبز انڈسٹری میں قدم رکھنے کے لیے بہت محنت کرنی پڑی، ایک بار تو انہوں نے ذہن بنا لیا تھا کہ وہ اس شعبے کے لیے بنے ہی نہیں ہیں اور نہ ہی اس میں کام کر سکیں گے۔
اداکار نے کیریئر کے آغاز میں پیش آنے والی مشکلات اور اپنے دراز قد، گوری رنگت پر بات کرتے ہوئے کہا مجھے اس بنیاد پر نکال دیا جاتا تھا کہ میری رنگت بہت گوری ہے، قد بہت لمبا ہے یا میں بہت پتلا ہوں۔
انہوں نے انٹرویو کے دوران مزید بتایا کہ وہ اسکرپٹ ہاتھ میں لیے سیٹ پر کئی گھنٹے انتظار کرتے رہتے تھے لیکن آخر میں اُنہیں کہا جاتا تھا کہ ان کی جگہ کسی اور لڑکے کو کردار دے دیا گیا ہے۔
ثمر جعفری نے انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ 11 سال تک ان کے ساتھ یہی سلوک کیا جاتا رہا اور ہمیشہ اِنہی وجوہات کی بنا پر ڈرامے میں کام نہیں دیا جاتا تھا، میں تھیٹر کرنے کے بعد 11 سال تک آڈیشن دیتا رہا لیکن کسی نے مجھے کاسٹ نہیں کیا۔
اداکار نے اپنے ڈرامہ سیریل ’مائی ری‘ سے متعلق بات کرتے ہوئے بتایا کہ لمبے عرصے بعد آخر کار اُنہیں ڈرامہ سیریل ’مائی ری‘ کی پیشکش ہوئی۔
یاد رہے کہ ڈرامہ سیریل ’مائی ری‘ میں ثمر عباس نے کم عمر شوہر کا کردار ادا کیا ہے جبکہ اُن کے مدِ مقابل کم عمر بیوی کا کردار اداکارہ عینا آصف نبھا رہی ہیں۔