نگراں وزیرِ داخلہ سندھ حارث نواز نے کہا ہے کہ پولیس کو سخت پیٹرولنگ کا کہا ہے، جس علاقے میں خواتین کو ہراساں کرنے کے واقعات پیش آئیں گے وہاں کے ایس ایچ او کو ہٹا دیا جائے گا۔
حارث نواز نے ’جیو نیوز‘ کے مارننگ شو ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کے دوران کہا ہے کہ خواتین کو ہراساں کرنے کے واقعات ناقابلِ برداشت ہیں، ڈی ایس پی کے خلاف بھی ایکشن ہوگا، میرٹ پر پوسٹنگ کر دی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ پیٹرولنگ بڑھنے سے اب عوام کو بہتری نظر آئے گی، جو واقعات ہو چکے ہیں انہیں ٹریس کر لیں گے، ایسی حرکتیں کرنے والوں کو فوری طور پر ٹریس کر کے پکڑا جائے گا۔
نگراں وزیرِ داخلہ سندھ نے کہا ہے کہ کئی مقامات پر پولیس نے ڈاکوؤں کو مقابلے میں مارا ہے، گرفتار کیا ہے، مجھے امید ہے کہ اسٹریٹ کرائم پر جلد قابو پا لیں گے۔
حارث نواز کا یہ بھی کہنا ہے کہ اسمگلنگ کے واقعات میں بہت حد تک کمی آئی ہے، ذخیرہ اندوزی کے خلاف کارروائی میں بھی کئی ٹن یوریا، گندم اور چینی پکڑی گئی ہے۔