سابق وزیرِ داخلہ اور نگراں وزیر داخلہ آمنے سامنے آ گئے، مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما رانا ثناء اللّٰہ نے نگراں وزیرِ داخلہ سرفراز بگٹی کا بیان ’حد سے تجاوز‘ قرار دے دیا۔
اس حوالے سے رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ سرفراز بگٹی صاحب بیان دینے سے پہلے سابق وزیرِ داخلہ شیخ رشید کا انجام دیکھ لیں، نواز شریف کے خلاف سازش کا خمیازہ عوام اور ملک نے بھگتا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ نواز شریف نے 21 اکتوبر کو ایئرپورٹ سے کہاں جانا ہے یہ وزیرِ داخلہ نہیں عوام کا فیصلہ ہو گا۔
رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ سرفراز بگٹی نواز شریف کے بارے میں بیان دے کر اپنا قد بڑھانے کی کوشش نہ کریں، نواز شریف کی فکر چھوڑیں اپنے کام پر توجہ دیں۔
ان کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے خلاف جھوٹے کیس بنا کر ملک اور عوام کے ساتھ دشمنی کی گئی، نواز شریف ہمیشہ کی طرح عدالتوں میں قانون کے مطابق تقاضے پورے کریں گے۔
دوسری جانب گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو میں شہباز شریف نے کہا تھا کہ نواز شریف کی 21 اکتوبر کو وطن واپسی کا پروگرام فائنل ہے، ملکی عوام تاريخی استقبال کریں گے، تمام پارٹی رہنما 21 اکتوبر سے قبل بیرون ملک سفر نہ کریں۔
واضح رہے کہ نگراں وزیرِ داخلہ سرفراز بگٹی نے گزشتہ روز ایک پروگرام میں کہا تھا کہ اگر نواز شریف ملزم کی حیثیت سے آئے تو انہیں گرفتار کیا جائے گا، ان کی ضمانت منظور نہ ہوئی تو انہیں گرفتار کرنے کے لیے تیار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جہاز سے ایک ملزم کو گرفتار کرنے کے لیے کسی فورس کی ضرورت نہیں ہے، میرے خیال میں نواز شریف خود بھی گرفتار ہونا چاہیں گے۔