• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آرمی چیف کی غیرقانونی معاشی سرگرمیوں کیخلاف کارروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے غیر قانونی معاشی سرگرمیوں کے خلاف پوری قوت کے ساتھ کارروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت کردی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل عاصم منیر نے دورہ لاہور میں صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی۔

سپہ سالار نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اور متعلقہ محکمے غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھیں۔

آرمی چیف نے تاریخی اقدامات کے سودمند اثرات کیلئے متعلقہ محکموں کے درمیان ہم آہنگی پر زور دیا۔

آرمی چیف کو صوبے کی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

جنرل عاصم منیر کو بجلی، گیس چوری، ذخیرہ اندوزی کے خلاف کریک ڈاؤن پر بریف کیا گیا۔

چیف آف آرمی اسٹاف کو غیر ملکی کرنسی کی اسمگلنگ کے خلاف ایکشن پر بھی بریفنگ دی گئی۔ 

آئی ایس پی آر کے مطابق ایپکس کمیٹی اجلاس میں نگراں وزیراعلیٰ محسن نقوی بھی شریک تھے۔

اجلاس کے شرکاء کو اقلیتوں کے تحفظ کیلئے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا گیا، شرکاء کو کچے کے علاقے میں جاری آپریشنز کی پیشرفت کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔

ایپکس کمیٹی اجلاس کے شرکاء نے کہا کہ ریاستی ادارے، سرکاری محکمے اور عوام صوبے کی ترقی اور خوشحالی کیلئے متحد ہیں۔ 

آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ فورم نے غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی شہریوں کی وطن واپسی کا بھی جائزہ لیا۔

قومی خبریں سے مزید