• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تھرپارکر: نایاب ہرن کی ٹانگ ٹوٹ گئی، پولیس اور وائلڈ لائف کا ایک دوسرے پر الزام

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو 

تھرپارکر کے سینکچوری زون میں چھوڑا گیا نایاب ہرن چل نہ سکا، ٹانگ ٹوٹی ہوئی نکلی۔

اسسٹنٹ کنزرویٹر وائلڈ لائف کے مطابق آج صبح ہماری ٹیم ہرن کو چیلہار پولیس اسٹیشن لے گئی تھی، پولیس سے مل کر قریبی سینکچوری زون میں ہرن کو رہا کرنا تھا، پولیس نے ہرن کو لاک اپ میں ڈال کر کسٹڈی دکھانے کے لیے ویڈیو بنانا چاہی، ہرن کے چھلانگ لگانے سے اس کی ایک ٹانگ مہرے سے اکھڑ گئی۔

اسسٹنٹ کنزرویٹر وائلڈ لائف نے دعویٰ کیا کہ 5 ماہ تک جب ہرن ہماری کسٹڈی میں تھا تو وہ بالکل صحت مند تھا۔

اسسٹنٹ کنزرویٹر وائلڈ لائف نے بتایا کہ ہرن کو چیلہار تھانے کے لاک اپ سے وائلڈ لائف کی گاڑی میں ڈالنے کی ویڈیو موجود ہے، اب زخمی ہرن کو واپس وائلڈ لائف اسٹیشن منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اس کا علاج جاری ہے۔

دوسری جانب چیلہار پولیس کے ایس ایچ او نے لاک اپ میں ہرن کی ٹانگ ٹوٹنے کا الزام مسترد کر دیا۔

ایس ایچ او چیلہار کا مؤقف ہے کہ وائلڈ لائف والے آج صبح ہرن لائے تھے، ٹانگ ہمارے پاس نہیں ٹوٹی۔

واضح رہے کہ نایاب چنکارا نسل کے ہرن کو رواں سال 11 اپریل کو چیلہار کے قریب شکاریوں سے برآمد کیا گیا تھا۔

مٹھی کی عدالت نے ہرن کو سینکچوری زون میں چھوڑنے کا حکم دیا تھا اور ہرن کو چھوڑنے کے ویڈیو ثبوت 17 ستمبر کو پیش کرنے کا حکم بھی دے رکھا ہے۔

قومی خبریں سے مزید