بالی ووڈ کے اکثر سلیبرٹیز اپنی کامیابی کی کہانی سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہیں، حال ہی میں نوجوان اداکارہ رکل پریت سنگھ نے اپنی فلمی سفر کے بارے میں بتایا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اداکارہ نے کہا کہ ابتدائی دنوں میں، میں صرف ایک نوجوان لڑکی تھی، جس کا بڑے پردے پر نظر آنے کا خواب تھا لیکن فلم انڈسٹری کی کوئی معلومات نہیں تھیں۔
انہوں نے کہا کہ سنیما میں میرا سفر نشیب و فراز سے عبارت ہے، قبولیت بھی ملی اور رد بھی کیا گیا لیکن ہمیشہ ہی سیکھنے کا تجربہ اچھا رہا۔
رکل کا کہنا تھا کہ ممبئی منتقل ہونا اور کم عمر لڑکی کی حیثیت سے یہاں رہنا سخت معاملہ تھا، آڈیشنز کے لیے قطاروں میں کھڑے رہنا اور کاسٹنگ ایجنٹس اور ڈائریکٹرز سے ملنا، فلمیں سائن کرنا اور اس کے بعد اپنی جگہ کسی اور اداکار کا فلم میں شامل ہوجانا، اس سب سے مجھے بہت اچھا تجربہ حاصل ہوا۔
انہوں نے کہا کہ میرے پاس جو واحد چیز تھی وہ خود پر یقین اور اعتماد تھا اور میں ہمیشہ زیادہ محنت کرتی تھی تاکہ میرا کام میرا تعارف بن جائے۔
خیال رہے کہ رکل پریت سنگھ کے کیریئر کی پہلی فلم 'گِلّی' تھی جبکہ بالی ووڈ میں انہوں نے 2013 میں فلم 'یاریاں' سے ڈیبیو کیا تھا۔