• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹوئنکل کھنہ کا اکشے پر مزاحیہ طنز، سوشل میڈیا پر ہلچل

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

بالی ووڈ اداکار اکشے کمار اور ان کی اہلیہ کی شو کے دوران فون پر بات چیت کے دوران ہوئے تبصرے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئے۔

بالی ووڈ اداکار اکشے کمار حالیہ قسط میں روی کشن کے ہمراہ مقبول ٹاک شو ’کافی ود کرن سیزن 9‘ میں شریک ہوئے۔

شو کے ایک تفریحی راؤنڈ کے دوران اکشے نے اپنی اہلیہ اور مصنفہ ٹوئنکل کھنہ کو فون ملایا، تاہم انہیں اندازہ نہیں تھا کہ ٹوئنکل کے تیکھے اور مزاحیہ جملوں کا نشانہ بن جائیں گے۔ دونوں کی یہ دلچسپ نوک جھونک سوشل میڈیا صارفین میں تیزی سے وائرل ہو گئی۔

شو میں 5 پوائنٹس حاصل کرنے کے ٹاسک کے تحت اکشے نے ٹوئنکل کو فون کیا۔ فون اٹھاتے ہی ٹوئنکل نے شکایت کی کہ رات بھر مشکل سے نیند آئی تھی اور صبح 6 بجے بھجن چلا کر اور انوپ جلوٹا کی طرح بلند آواز میں گا کر نیند خراب کر دی گئی، ساتھ ہی انہوں نے طنز کیا کہ کم از کم باتھ روم کا دروازہ تو ٹھیک سے بند کر لیا کریں۔

جب اکشے نے بتایا کہ وہ شو میں موجود ہیں اور کرن جوہر چاہتے ہیں کہ ٹوئنکل ریپڈ فائر راؤنڈ کو جج کریں، تو ٹوئنکل نے حیرت اور مزاحیہ انداز میں کہا کہ انہیں علم نہیں تھا کہ وہ آج یہ کام کر رہے ہیں، اور ’مفت میں کام‘ کر رہے ہیں۔ اس پر کرن جوہر نے تفریحاً اعتراض کیا کہ کیا انہیں ہر چیز کے پیسے چاہیے۔

سوشل میڈیا پر صارفین نے اس جوڑی کی کیمسٹری اور حاضر جوابی کو خوب سراہا۔ واضح رہے کہ اکشے کمار اور ٹوئنکل کھنہ نے 17 جنوری 2001ء کو شادی کی تھی اور ان کے دو بچے، آرو اور نتارا ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید