• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلم ’پدماوت‘ کے ایک سین کیلئے رنویر سنگھ کو 24 حقیقی تھپڑ پڑے

اسکرین گریب: فائل
اسکرین گریب: فائل

بالی ووڈ اداکار رنویر سنگھ اپنے کرداروں کے لیے انتھک محنت اور تیاری کے حوالے سے جانے جاتے ہیں اور فلم ’پدماوت‘ میں علاؤالدین خلجی کے کردار کو انہوں نے جس شدت سے نبھایا وہ آج بھی زیرِ بحث رہتا ہے۔ 

حال ہی میں ان کے ساتھی اداکار رضا مراد نے 2018ء کی اس فلم کی شوٹنگ کا ایک حیران کن واقعہ سنایا، جس میں ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کے کہنے پر انہیں رنویر سنگھ کو 24 مرتبہ اصلی تھپڑ مارنا پڑا۔

ایک انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر اداکار رضا مراد نے تصدیق کی کہ یہ تمام 24 تھپڑ اصلی تھے کیونکہ سنجے لیلا بھنسالی سین میں مکمل اثر اور گونج پیدا کرنے کے لیے بہترین شاٹ چاہتے تھے۔

رضا مراد کے مطابق سنجے بار بار کہتے رہے کہ ’رضا آپ ماریے، ایک اور ماریے‘، جس کے آخر تک رنویر سنگھ کا گال سوج گیا اور وہ محض اپنے عزم اور ارادے کی طاقت سے کھڑے تھے۔

سینئر اداکار نے رنویر سنگھ کے رویے اور لگن کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ انتہائی منکسر المزاج اور تعاون کرنے والے فنکار ہیں۔

رضا مراد کے مطابق شوٹنگ کے دوران رنویر مکمل طور پر اپنے کردار میں کھو جاتے ہیں، کسی سے بات نہیں کرتے اور شاٹ دیتے وقت اپنی نظر کی سطح پر موجود تمام لوگوں کو ہٹا دیتے ہیں۔

2018ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’پدماوت‘ میں رنویر سنگھ نے علاؤالدین خلجی، دپیکا پڈوکون نے رانی پدماوتی اور شاہد کپور نے مہاراول رتن سنگھ کا کردار ادا کیا تھا۔ یہ فلم باکس آفس پر کامیاب رہی تھی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید