بات چیت: وحید زہیر، کوئٹہ
افضل مُراد فن و ادب کے حوالے سے بلوچستان کی ایک نمایاں شناخت ہیں۔ اردو اور براہوی زبان میں تین درجن سے زائد کتب کے مصنّف ہیں، جن میں برف پر جلتے دیے، ترنگ، اِک ہجر جو ہم کو لاحق ہے، چُپ، نرم دھوپ، ویران خیمے کا سایہ، کُلیاتِ عطا شاد(مرتّب)، بیسویں صدی میں بلوچستان کا ادب، کرنیں ( بچّوں کے ڈرامے )، تاریخ، روایت اور عصری تقاضے، براہوی کہانیاں (ترجمہ)، عطا شاد، فن و شخصیت اور براہوی لوک کہانیاں وغیرہ شامل ہیں، جب کہ اُنھوں نے فیض احمد فیض کے کلام کا منظوم ترجمہ بھی کیا ہے۔
یہ کتابیں اردو سائنس بورڈ، اکادمی ادبیات، ادارۂ علم و ادب، نیو کالج پبلی کیشنز، براہوی ادبی سوسائٹی اور قلم قبیلہ کے زیرِ اہتمام شائع ہوئیں۔ افضل مُراد ریڈیو، ٹی وی اور اسٹیج کے لیے بے شمار ڈرامے لکھ چُکے ہیں۔ قلم قبیلہ، سنگت اکیڈمی آف سائنسز، ترقّی پسند مصنّفین، حلقہ حرفِ حکایت، قومی ایوانِ ثقافت، براہوی ادبی سوسائٹی سے بحیثیت رُکن اور عُہدے دار وابستگی رہی، تو اکادمی ادبیات، بلوچستان میں بحیثیت ریذیڈنٹ ڈائریکٹر خدمات بھی انجام دے چُکے ہیں۔گزشتہ دنوں اُن کے ساتھ ایک تفصیلی نشست ہوئی، جس کا احوال جنگ،’’ سنڈے میگزین‘‘ کے قارئین کی نذر ہے۔
س: اپنے خاندان، تعلیم اور ابتدائی زندگی سے متعلق کچھ بتائیے؟
ج: میری پیدائش کوئٹہ کے نواحی علاقے، ہدہ قلات اسٹریٹ میں 2 جنوری 1961 ء کو ہوئی۔ مَیں دو بہنوں کے بعد پہلی نرینہ اولاد ہونے کے باعث خاندان میں بڑے لاڈ پیار سے پَلا۔ میری پیدائش کے ساتھ ہی والد کو ایک دواساز کمپنی میں نوکری مل گئی، کچھ عرصے بعد اُنھوں نے اپنا کچا سا گھر تعمیر کیا، جس کے سبب والدین مجھے خوش بختی کی علامت قرار دیتے ہوئے پیار سے’’آغا‘‘ کہنے لگے۔ چچا میر محمّد نے محمّد افضل آغا کے نام سے اسکول میں داخل کروایا۔
اِسی لیے اسکول کے اکثر دوست مجھے’’ آغا‘‘ ہی کہہ کر پکارتے ہیں۔میری ابتدائی تحریریں بھی اِسی نام سے شائع ہوئیں، پھر کچھ عرصے بعد نام وَر شاعر اور استادِ محترم، عطا شاد نے مُراد کا تخلّص عطا کیا، جس نے مجھے ادبی دنیا میں پہچان دی۔ مَیں نے ابتدائی تعلیم گورنمنٹ سینٹرل پرائمری اسکول سے حاصل کی، لیکن میٹرک تک آتے آتے نامساعد گھریلو حالات اور والد کی مسلسل بیماری نے مزدوری پر مجبور کردیا، لہٰذا پھر تعلیم اور روزگار دونوں ساتھ ساتھ چلتے رہے۔ کالج اور یونی ورسٹی کے خواب تو بہت دیکھے، لیکن پرائیوٹ طالبِ علم کی حیثیت سے ایم اے براہوی اور ایم اے اردو کی اسناد حاصل کیں، بعدازاں ایم فِل کے طالبِ علم کی حیثیت سے بلوچستان یونی ورسٹی میں داخلہ لیا اور’’ ڈرامے کے سماجی اثرات‘‘ کے موضوع پر اپنی تحقیق پیش کر کے سند لی۔
س: ادب سے کب اور کیسے وابستگی اختیار کی؟
ج: مجھے نہیں یاد کہ مَیں نے کب لکھنا شروع کیا، مگر اِتنا ضرور یاد ہے کہ دادی اماں کی سرد راتوں میں سُنائی ہوئی کہانیوں نے مجھے موضوع، کردار اور پلاٹ سے متعارف کروایا۔پھر نام وَر ادیب، محقّق اور قانون دان ڈاکٹر عبدالرحمٰن براہوی کی ہم سائیگی اور اُن کی بڑی سی لائبریری کے طفیل علم وادب اور اہلِ دانش سے شناسائی ہوئی اور تب ہی سے لکھنے کا آغاز کیا اور میری کہانیاں اخبارات میں شائع ہونے لگیں۔
نیز، اِس دوران بچّوں کے پروگرامز میں شرکت کے لیے ریڈیو بھی جانا شروع کردیا تھا، تو معروف ادیب اور ریڈیو پروڈیوسر، غلام نبی راہی کی رہ نمائی اور دوستی نے کمپیئرنگ اور ڈراما نویسی کی طرف راغب کیا۔
س: زندگی میں تبدیلی اور کام یابیوں کا آغاز کب اور کیسے ہوا؟
ج: گھرمیں غربت نے ڈیرا ڈال رکھا تھا، تو اس سے مقابلے کے لیے چھوٹی موٹی ملازمتیں کرتا رہا۔ ابتدا میں ایک پرنٹنگ پریس میں ملازم ہوا، کچھ عرصے تک کچہری میں محکمۂ اطلاعات کے دفتر کے سامنے سائیکل اسٹینڈ پر کام کیا۔میٹرک کے بعد والد کے ساتھ قریبی دواساز کمپنی میں سُپروائزر تعیّنات ہوا،اس ملازمت کے دوران مجھے لکھنے پڑھنے کا موقع ملتا رہا۔ ہمارے سیکشن انچارج نے میری کتب دوستی اور لکھنے کا شوق دیکھ کر میری حوصلہ افزائی کی، مجھے آگے بڑھنے اور مزید پڑھنے کا اعتماد بخشا۔اُن دنوں روزنامہ جنگ، کوئٹہ کے ادبی صفحے میں پروفیسر ڈاکٹر بیرم غوری اور ڈاکٹر تاج رئیسانی کی مہربانی سے میرا پہلا افسانہ شائع ہوا، جس پر مجھے خاصی داد ملی۔
اس کے ساتھ’’ بچّوں کی دنیا‘‘ میں بھی میری تحریریں چَھپنے لگیں۔ایک دن روزنامہ جنگ، کوئٹہ کے اُس وقت کے ریذیڈنٹ ایڈیٹر، سرکار احمد نے مجھے’’ بچّوں کی دنیا‘‘ کے انچارج کے طور پر فرائض سرانجام دینے کی دعوت دی، جسے مَیں نے تین سو روپے ماہانہ اعزازیے پر قبول کرلیا۔بچّوں کے بھائی جان کی حیثیت سے تقریباً32 سال فرائض انجام دئیے، تب میگزین سیکشن میں پروفیسر ڈاکٹر بیرم غوری کی دوستی اور رہنمائی میں ایک طویل سفر کا آغاز ہوا۔ اخبار کی شام کی ذمّے داریوں کے بعد مَیں نے دواساز کمپنی چھوڑ کر محکمۂ تعلیم میں جونئیر ٹیچر کی حیثیت سے ملازمت شروع کی اور اپنے تعلیمی اعزازات بڑھاتا رہا۔ یہاں سے زندگی ایک اور خوش گوار موڑ پر آگئی۔ بلوچستان کے ممتاز اہلِ قلم کی سفارش اور خواہش پر مجھے اکادمی ادبیات، کوئٹہ برانچ کے ریذیڈنٹ ڈائریکٹر کی حیثیت سے ذمّے داریاں سونپ دی گئیں۔
س: مشکل حالات میں والدین کا رویّہ کیسا رہا؟
ج: والدین کی ایک ہی خواہش ہوتی ہے کہ اُن کے بچّے خوش حال اور صحت مند ہوں، وقت اور حالات کا مقابلہ کرسکیں، والدہ دعاؤں سے جُھولی بھرتی تھیں، تو والد سے میری دوستی تھی، وہ مجھے اپنے ساتھ اپنے دوستوں کے پاس لے جاتے، سیر و تفریح کرواتے، کبھی کبھی سینما میں فلم دیکھنے بھی جاتے، میرے لیے کہانیوں کی کتابیں خریدتے اور ایک اچھا انسان بننے کی تلقین کرتے، پیار سے مجھے’’ ہیرو‘‘ کہتے۔اور شاید اسی سبب لاشعوری طور پر زندگی کے اسٹیج پر ہیرو بننے کی خواہش کی۔اب اِس میں کتنا کام یاب رہا، یہ تو میرے چاہنے والے ہی بتاسکتے ہیں۔
س: آج کل ادیب مایوسی کا شکار لگتے ہیں، اِس ضمن میں آپ کی کیا رائے ہے؟
ج: زندگی کے نشیب و فراز سامنے رکھ کر جب اپنا جائزہ لیتا ہوں، تو اِس بات پر شُکر اور فخر محسوس کرتا ہوں کہ مَیں نے حالات کی سنگینی، غربت، بے بسی اور سخت ترین معاملات کا شکار ہونے کے باوجود کبھی مایوسی کی چادر نہیں اوڑھی، کبھی خود کو پسپا نہیں ہونے دیا۔ اِس میں میرے خوابوں، دوستوں، کتابوں، فلموں اور ڈراموں کا اہم کردار رہا، خوابوں نے مجھے اندر سے کبھی بکھرنے نہیں دیا۔
دوستوں نے مجھے جینا سِکھایا، کتابوں نے زندگی سے مقابلے کے گُر بتائے، فلموں اور ڈراموں نے محبّت کی جمالیات سے آشنا کیا اور اِس سارے منظرنامے میں امّاں، ابّا کبھی رکاوٹ نہیں بنے،بلکہ میری حوصلہ افزائی کرتے رہے۔ میرے دوست اِس بات کی گواہی دیں گے کہ بابا سے اُن کی مجالس اور امّاں کے ہاتھ کے بنے روایتی کھانے اُنھیں آج بھی یاد ہیں، مطلب یہ کہ میرے گھر والے اور بہن بھائی ہمہ وقت میری حوصلہ افزائی کرتے رہے ہیں۔
س: اسٹیج ڈراموں میں بحیثیت اداکار کیسے آمد ہوئی ؟
ج: ایک اسٹیج ڈرامے’’ وبالِ جان‘‘ میں ہیرو بننے کی آفر ہوئی، تو بے حد خوشی ہوئی اور جب وہ ڈراما اسٹیج پر پیش کیا گیا، تو مَیں گویا ہوا کے دوش پر تھا۔ قومی ایوانِ ثقافت کے بینر تلے امتیاز احمد عالی (مرحوم) اور ادریس کاوش کی رہ نمائی میں ہیرو بننے کا سفر شروع ہوا۔ خاص طور پر اسٹیج ڈرامے’’ فلور نمبر فور‘‘ اور بلوچستان کے پہلے پشتو اسٹیج ڈرامے’’ مشینی میرمن‘‘ میں میری اداکاری کو بہت پسند کیا گیا۔ پھر کچھ عرصے بعد ٹی وی کے براہوی خاکوں کے پروگرام میں چھوٹا سا کردار ملا، جو خاصا مشکل ثابت ہوا، تو ہیرو بننے کا خیال دل سے نکال دیا اور فیصلہ کیا کہ اب ہیرو صرف لکھنے کے میدان میں بنوں گا اور کردار تخلیق کروں گا۔سو، اب یہی کچھ کر رہا ہوں۔
س: ادب اور ڈراما نگاری کے شعبوں میں کون سا فورم زیادہ کارگر رہا؟
ج: ریڈیو کے ماحول نے بہت اعتماد بخشا کہ اُن دنوں ریڈیو میں نام وَر شعراء، دانش وَر، فن کار اور علم دوست پروڈیوسرز کے درمیان پروگرامز میں شرکت کرتے ہوئے فخر کا احساس ہوتا تھا۔ ایک جنون اورسرشاری کی کیفیت میں تخلیقی سطح بلند ہوتی تھی۔ موضوعاتی تناظر، پلاٹ، کردار نگاری اور جملوں کی ترتیب و تزئین کا درس ملتا تھا۔ اس کے بعد ٹی وی کے ڈراموں، اسٹیج شوز اور مشاعروں میں حصّہ لیا، بطور کمپیئر ادبی پروگرامز میں شرکت کی۔ میرا پہلا ٹی وی ڈراما بیدل مسرور کی ڈائریکشن میں ریکارڈ ہوا، اِس اعتبار سے مَیں بیدل سائیں کو اپنا محسن اور رہنما سمجھتا ہوں، اُنہوں نے مجھے ٹیلی وژن ڈرامے کے بنیادی اُصولوں سے آشنا کیا۔
حیدر امام رضوی، در محمّد کاسی، طارق معراج، دوست محمّد گشکوری، سجّاد احمد، سمیع بلوچ، عطا بلوچ، اعجاز علیم عقیلی، معاذ اللہ جمالدینی، نواز مگسی، ناہیدہ صفدر، اقبال حیدر، زیب شاہد، اطہر منگی اور دیگر نام وَر ڈراما پروڈیوسرز نے میرے اردو /براہوی ڈراما سیریلز اور لانگ پلے کیے، جن میں ستون، دُھند کے پار، سنبل، ذرا سی دھوپ، اعتراف، رشتے، شک، آستین اور سانپ، آدھی نیند، سنگِ گراں اور سویا ہوا آدمی جیسے ڈرامے شامل ہیں۔اِس کے بعد پرائیوٹ چینلز کے لیے فاروق مینگل نے میرے دو سیریل ہوا کی دستک اور مایا بنائے اور اُنھیں بھی خاصی پذیرائی ملی۔
س: لوگ موجودہ ادب اور ادیبوں پر بہت سے اعتراضات بھی کرتے ہیں؟
ج: میری ادبی پرورش مزاحمت کے دِنوں میں ہوئی، میرے اردگرد ترقّی پسند قلم کاروں کا راج رہا۔ان رحجانات نے ہمارے عہد کے سبھی نوجوانوں کو متاثر کیا اور ایک نئے لکھاری کی حیثیت سے میں نے بھی مزاحمتی ادب کے ساتھ جُڑ کر آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا۔ جہاں تک اکادمی ادبیات کی بات ہے، تو مَیں بھی کوئٹہ برانچ پر بہت تنقید کرتا رہتا تھا۔ ایک مرتبہ احمد فراز یہاں آئے، تو شعروادب کے ساتھ ساتھ اکادمی ادبیات کی کارگزاری پر بھی بات ہوئی۔اُنہوں نے کہا، آپ نئے لکھنے والوں کو ادبیات کی طرف بھجوائیں،اُنھیں پروموٹ کریں، تب مَیں نے گھوڑا اسپتال کے سامنے خستہ حال برانچ کے تمام تر سہولتوں سے عاری ڈربا نُما کمروں میں کسی بھی ادبی تقریب کے انعقاد سے قطعی طور پر انکار کردیا۔
نیز، ادبیات کی پالیسی اور روایتی انداز کی بھی سخت مخالفت کی۔سچ تو یہ ہے کہ ادب، ادیب اور ادبی فضا کے سرکاری سطح پر روایتی فروغ کو مَیں نے کبھی بھی ذہنی طور پر قبول نہیں کیا، مگر قدرت کو کچھ اور ہی منظور تھا،بلوچستان کے ممتاز اہلِ قلم اکثر اکادمی ادبیات کی تقریبات میں، برانچ آفس میں مقامی زبانوں سے تعلق رکھنے والے کسی ادیب، شاعر یا دانش وَر کی تعیّناتی کا مطالبہ کیا کرتے تھے، تو پھر اِس حوالے سے جب چئیرمین اکادمی ادبیات، افتخارعارف نے بابا عبداللہ جان جمالدینی، پروفیسر نادر قمبرانی، منیر احمد بادینی، جسٹس(ر) امیرالملک مینگل، گل بنگلزئی، عابد شاہ عابد اور دیگر اہلِ قلم سے مشورہ مانگا، تو اکثریت نے میرے نام کی توثیق کی۔یوں ایک مختصر سے مرحلے سے گزرنے کے بعد مَیں نے ریزیڈنٹ ڈائریکٹر کا چارج سنبھال لیا۔
س: آپ نے براہوی زبان میں شاہ کار ادب کے تراجم بھی کیے ہیں؟
ج: فیض احمد فیض میرے پسندیدہ شعراء میں شامل ہیں،اُن کے موضوعات اور ترقّی پسند سوچ کو ذہن میں رکھ کر مَیں نے اُن کی بہترین اور مقبولِ عام شاعری کا براہوی زبان میں منظوم ترجمہ کیا، جسے خاصی پذیرائی حاصل ہوئی، پھر ان تراجم کو ہمارے کئی گلوکاروں نے گا کر داد حاصل کی۔نیز، براہوی زبان میں نئی اصناف مثلاً جدید نظم، ہائیکو، خاکہ نگاری اور تروینی کو متعارف کروایا اور یہ سلسلہ اب بھی جاری ہے۔
س: کیا اب بھی بچّوں کے ادب سے وابستہ ہیں؟
ج: مجھے آج بھی خود کو بچّوں کا ادیب، بچّوں کا شاعر اور بچّوں کا بھائی جان کہلوانے سے بے حد خوشی ملتی ہے۔ آج بھی بچّوں کے رسائل و جرائد اور اخبارات کے ایڈیشنز ذمّے داری سمجھ کر پڑھتا ہوں اور بچّوں کے لکھنے، سمجھنے کے رحجانات کا جائزہ لیتا ہوں۔ آرٹیفیشل انٹیلی جینس کے اس دَور نے بچّوں کی معصومیت اور سادگی کو بہت حد تک متاثر کیا ہے۔ اب پب جی جیے خوف ناک کھیلوں نے بچّوں کو بہت تیز رفتار، چالاک کر دیا ہے اور یہ رویّے آنے والے دنوں میں کیا نتائج لائیں گے، اہلِ علم اس کا اندازہ لگا سکتے ہیں۔
مَیں نے ریڈیو، ٹی۔وی اور خصوصاً روزنامہ جنگ کے بچّوں کے صفحے کے انچارج کے طور پر بہت سے بچّوں کی حوصلہ افزائی کی، اُن کی کچّی پکی تحریروں کو اخبار کی زینت بنایا، اُن میں اعتماد اور حوصلہ پیدا کیا اور آج اِس فہرست میں کئی نام وَر لکھاری اور اہم عُہدوں پر تعینّات افراد بھی شامل ہیں۔جب اُن سے کہیں ملاقات ہوتی ہے، تعارف کرواتے ہیں، ابتدائی دنوں کی تحریروں کا حوالہ دیتے ہیں، تو ایک عجیب سی خوشی کا احساس ہوتا ہے۔ مَیں اِس ضمن میں اساتذۂ کرام سے گزارش کروں گا کہ وہ بچّوں میں ادبی رحجان بڑھانے کی کوشش کریں اور نام وَر اہلِ قلم بھی بچّوں کے لیے کچھ نہ کچھ ضرور لکھیں۔
س: آج کا نوجوان تنہائی کا شکار ہے، آپ کے نزدیک اِس کی کیا وجوہ ہوسکتی ہیں؟
ج: گو کہ ادب اپنے تخلیقی رحجان کے حوالے سے’’ تنہائی‘‘ کو غنیمت قرار دیتا ہے، مگر معاشرتی سطح پر تنہائی کا رواج پا جانا ایک المیہ ہے، چوں کہ معاشرہ افراد کے ایک ساتھ رہنے کا نام ہے، تو جب معاشرہ ٹوٹ پُھوٹ کا شکار ہو، تب وہاں تخیّل، تجسّس اور تحیّر کے زوال کی کیفیت پیدا ہوجاتی ہے، سیکھنے سِکھانے کا عمل مفقود ہوجاتا ہے اور ایسی صُورت میں ہر ایک اپنے طور پر اِس خوش فہمی کا شکار ہوجاتا ہے کہ وہ جو سمجھتا ہے، وہی سو فی صد درست ہے۔
ہر چیز میں افادے کا پہلو تلاش کرتے، مالی منفعت کے لیے تیز رفتار ترقّی کے خواب دیکھتے دیکھتے زندگی تنہائیوں کی پاتال میں گرتی چلی جا رہی ہے۔ دراصل، یہ نوجوان کسی ارتقائی عمل سے یہاں تک نہیں پہنچے، اِس لیے وہ سلجھنے کی بجائے مزید الجھنوں کا شکار ہو رہے ہیں۔پھر سوشل میڈیا کے جنون نے بھی ایک چھوٹے سے آلے کے ذریعے سب کو اپنے اردگرد سے دُور کرنے، اپنی چھوٹی سی دنیا میں مگن رکھنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
س: آپ کے خیال میں بلوچستان کا اصل مسئلہ کیا ہے؟
ج: بلوچستان کا مسئلہ پورے پاکستان کا مسئلہ ہے۔دراصل تعمیری سوچ دبانے ہی کی وجہ سے مُلک معاشی و سیاسی بحران کا شکار ہے۔اب مقتدر حلقوں کو’’ لڑائو اور حکومت کرو‘‘ کی پالیسی تَرک کردینی چاہیے۔ جمہوریت کو اس کی رُوح کے ساتھ قبول کرنے ہی میں سب کی عافیت ہے۔آج دنیا کا مقابلہ علمی استعداد ہی سے کیا جانا ممکن ہے۔ سو، قدامت سے نکل کر جدیدیت کا فلسفہ اپنانا ہوگا۔ تمام ادارے مِل جُل کر اپنے اپنے حصّے کا کام پوری دیانت داری سے کریں، عوام کے دُکھ درد کا احساس کریں اور انصاف کو ناانصافی کرنے والوں کے چنگل سے آزاد کروائیں۔
س: سرکاری ملازمت سے ریٹائرمنٹ کے بعد کیا محسوس کرتے ہیں؟
ج: میرے خیال میں ادب اور فنونِ لطیفہ کا کمال یہی ہے کہ اس میں ریٹائرمنٹ کا تصوّر نہیں، لکھنے والا جب تک مطالعے اور بیدار ذہن کے ساتھ اپنا تخلیقی سفر جاری رکھتا ہے، وہ اپنے اور قاری کے درمیان زندہ رہتا ہے۔سو، اکادمی ادبیات سے فراغت کے بعد مَیں لکھنے پڑھنے کے عمل میں زیادہ مصروف ہوگیا ہوں، بلکہ اب تو ایک آزادی کے احساس کے ساتھ کام کر رہا ہوں۔
ان دو برسوں میں میری چار کتابیں منظرِ عام پر آچکی ہیں، ایک ڈراما سیریل لکھ رہا ہوں۔یہاں ایک خوش گوار حوالہ بھی ضروری ہے کہ میری شاعری کی فکری اور فنی جہات کے حوالے سے لاہور کے ایک معروف تعلیمی ادارے سے پروفیسر عالیہ مسعود اپنا ایم فِل کا مقالہ، ڈاکٹر فضیلت بانو کی نگرانی میں مکمل کرچُکی ہیں۔