• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاعر: رفیع الدّین راز

صفحات: 200، قیمت: 900روپے

ناشر: رسول مطبوعات، کراچی۔

فون نمبر: 8292379- 0300

رفیع الدین راز کا شمار اردو کے نہایت معتبر شعراء میں ہوتا ہے کہ اُن کی شعری جہات کو دنیائے ادب کی نام وَر شخصیات نے سندِ اعتبار عطا کی ہے۔ رفیع الدّین راز بنیادی طور پر غزل کے شاعر ہیں، لیکن شاعری کی کوئی صنف ایسی نہیں، جسے اُنہوں نے نظرانداز کیا ہو۔ ان کے اب تک 25شعری مجموعے منظرِ عام پر آچُکے ہیں، جب کہ چار نثری کتابیں اردو انشائیے کے حوالے سے ہیں۔ رفیع الدّین راز پیرانہ سالی میں قدم رکھ چُکے ہیں، اس وقت اُن کی عُمر 82برس ہے، لیکن فکری اور ذہنی طور پر آج بھی توانا اور تازہ دَم دِکھائی دیتے ہیں۔ 

ہمارے پیشِ نظر اُن کی غزلوں کا 12واں مجموعہ ہے، جس میں 200غزلیں شامل ہیں۔جب کہ رانا خالد محمود قیصر اور جاوید رسول جوہر نے رفیع الدّین رازکے فن اور شخصیت پر مضامین تحریر کیے ہیں۔ رفیع الدین راز نے ہجرتوں کے دُکھ بھی جھیلے، سقوطِ مشرقی پاکستان کے بعد بھارت میں جنگی قیدی بھی رہے، لیکن زندگی کے کسی محاذ پر شکست نہیں کھائی، وہ آج بھی جواں مردی کے ساتھ اپنا شعری سفر جاری رکھے ہوئے ہیں۔ 

اُن کی غزل ادب کی کلاسیکی روایت سے جڑی ہوئی ہے اور اُن کا توانا لہجہ، اُن کی پوری شاعری میں نمایاں نظر آتا ہے۔ بلا مبالغہ رفیع الدّین راز عصرِ رواں کی اردو شاعری میں ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتے ہیں۔ اُنہیں امریکا اور دیگر ممالک میں بھی بہت پسند کیا جاتا ہے۔یہ بہت زندہ دل شاعر ہیں، اُن کے ہاں مایوسی نہیں اور وہ مثبت انداز ہی میں آگے بڑھنے کا سبق دیتے ہیں۔ہمارے خیال میں تو زیرِ نظر مجموعۂ کلام کا شمار غزل کے اچھے مجموعوں میں ہوگا۔