• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

استاد نصرت فتح علی نے میری سالگِرہ پر نئی کار کا تحفہ دیا تھا، راحت فتح علی خان


کراچی(رپورٹ:اختر علی اختر)سُروں کے سلطان۔ موسیقی کے بے تاج بادشاہ، آکسفورڈ یونیورسٹی لندن سے موسیقی میں ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری رکھنے والے استاد راحت فتح علی خان نے کرا چی میں جنگ اور جیو کے ساتھ اپنی 50 ویں سالگرہ کا کیک کاٹا اور اپنی آواز کا جادو بھی جگایا۔اس خوشی کے موقع پر انہوں نےکہا ہے کہ میں بہت جلد گریمی ایوارڈ بھی حاصل کروں گا ایک مرتبہ استاد نصرت فتح علی خان نے میری سالگِرہ پر نئی کار کا تحفہ دیا تھا۔ دُنیا میں وہ کہیں بھی موجود ہوتے،لیکن میری سالگِرہ کا دن کبھی نہیں بھولتے تھے۔ جب وہ مبارک باد دیتےتھے، وہ خوشی میں لفظوں میں بیان نہیں کرسکتا۔استاد راحت فتح علی خان نے بتایا کہ جب بھی میری سالگِرہ کا دِن آتا ہے۔ میں استاد نصرت فتح علی خان کو بہت یاد کرتا ہُوں۔ جب ان کو معلوم ہوا تھا کہ میں نے کار چلانی سیکھ لی، تو مجھے میری سالگِرہ کے موقع پر نئی کار کا یاد گار تحفہ دیا۔ وہ حِسین یادیں میری زندگی اثاثہ ہیں۔ ایوارڈز جیتنے کا راستہ اور دل چُھولینے والی موسیقی کا ہنر ہمیں انہوں نے سکھایا تھا۔ استاد راحت فتح علی خان نے بتایا کہ اپنی عمدہ پرفارمنس سے آکسفورڈ یونیورسٹی سے ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری کے بعد موسیقی کا سب سے بڑا ایوارڈ گریمی ایوارڈ بھی حاصل کرینگے۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نوجوان پاکستان سے محبت کریں۔ یہ ہمارا گھر ہے اسے مل جُل کر سنوارنا ہے۔اس سے ہماری پہچان ہے۔

اہم خبریں سے مزید