کراچی(اسٹاف رپورٹر ) جامعہ کراچی کے سائنسی تحقیقی ادارے آئی سی سی بی ایس کے ملازمین نے پروفیسر ڈاکٹر اقبال چوہدری کی بحیثیت ڈائریکٹر ایک بار پھر تقرری کو مسترد کردیا ہے اور احتجاج و ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ اس ہڑتال میں ادارے کے سائنس دان اساتذہ اور محققین بھی شامل ہوگئے ہیں۔ اساتذہ و غیر تدریسی عملے نے منگل کی دوپہر آئی سی سی بی ایس کے باہر منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ملازمین نے یونیورسٹی کے چانسلر سے مطالبہ کیا کہ وہ اس ادارے کے بی او جی میں شامل بعض مخیر حضرات کی باتوں ماننے کے بجائے حقیقت کا ادراک کریں حقیقت یہ ہے کہ اس ادارے کے ملازمین ڈاکٹر اقبال چوہدری کے ماتحت کام کرنے کو تیار نہیں ہیں لہذا اقبال چوہدری کی تعیناتی کے نوٹیفکیشن کو واپس لے کر تین سینئر پروفیسرز میں سے کسی کی تعیناتی بطور ڈائریکٹر کی جائے ۔ ملازمین نے اعلان کیا کہ ادارے میں ہڑتال جاری رہے گی ۔ پریس کانفرنس میں ادارے سے ڈاکٹر عابد، ڈاکٹر مشرف، علی کاظمی ،سفیرکے علاوہ انجمن اساتذہ کی نمائندہ ندا علی ، رکن سئنڈیک ڈاکٹر ریاض اور سابق رکن ڈاکٹر منضور بھی موجود تھے۔