مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز کا کہنا ہے کہ اب فیصلے عوام کی عدالت یا لاء کرے گا، مدر ان لاء کے فیصلے کی سہولت نہیں۔
اوکاڑہ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے بانی پی ٹی آئی کا نام لیے بغیر کہا کہ آپ کے امپائر بھی پکڑے گئے، جعلسازی بھی پکڑی گئی، سہولت کاری بھی پکڑی گئی، آپ کا انتخابی نشان بلّا نہیں ڈنڈا تھا جس سے قومی تنصیبات پر حملے کیے گئے، وہ ڈنڈا اب چھین لیا گیا ہے۔
مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف پر ظلم کرنے والا ایک ایک کردار اپنے انجام کو پہنچ رہا ہے، دہشت گرد جماعت کو سیاسی جماعت کا انتخابی نشان نہیں مل سکتا، نواز شریف نے مجھے کہا کہ اوکاڑہ سے مہم شروع کرو، 8 فروری کو اوکاڑہ میں شیر دھاڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ نواز شریف نے انتقام نہیں لیا، قدرت نے سو موٹو نوٹس لیا ہے، وہ بزدل جوتیاں چھوڑ کر استعفیٰ دے کر بھاگا ہے، قدرت کی لاٹھی بے آواز ہے، عدالتوں کے احاطے سے ظالم کے جوتی چھوڑ کر بھاگنے کے مناظر دیکھے، جو نواز شریف کی طرح سچا ہوتا ہے وہ ڈٹ کر کھڑا ہوتا ہے۔
مسلم لیگ ن کی رہنما نے کہا کہ جو جتنا بڑا ظالم ہوتا ہے وہ اتنا ہی بڑا بزدل ہوتا ہے، دوسروں کا احتساب کرتے ہوئے یہ لوگ فرعون بنے ہوئے تھے، آج ان کی اپنی باریاں آئیں تو یہ جوتیاں چھوڑ کر بھاگ رہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ لوگوں کو چور چور کہنے والے نے گھڑیاں چوری کیں، لوگوں کی ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کو گرفتار کیا گیا، ان کی اپنی باری آئی تو بزدلی دکھائی۔
انہوں نے کہا کہ آج جو کچھ ان کے ساتھ ہو رہا ہے اس کے ذمے دار وہ خود ہیں، شور مچا رہے ہیں کہ انتخابی نشان واپس لے لیا، تمہارا انتخابی نشان وہ گھڑی ہونی چاہیے جو چوری کی ہے، الیکشن کمیشن کو کہہ دیتے ہیں تمہیں ڈنڈے یا پیٹرول بم کا نشان دے دے۔
ن لیگی رہنما کا کہنا ہے کہ اگر تم سمجھتے ہو کہ انٹرا پارٹی الیکشن میں فراڈ کر کے بچ سکتے ہو تو ایسا نہیں ہو گا، اب فیصلے عوام کی عدالت کرے گی یا لاء کرے گا، مدر ان لاء کے فیصلے کی سہولت نہیں، نہ ان کی سہولت کاری رہی نہ وہ سہولت کار رہے، اللّٰہ نے ان سہولت کاروں کو عبرت ناک انجام تک پہنچایا۔
مریم نواز کا کہنا ہے کہ کہتا تھا کہ نواز شریف کو امپائر ساتھ ملا کر کھیلنے کی عادت ہے، نواز شریف کے امپائر یہ عوام ہیں، آپ کے سہولت کار پکڑے گئے، نواز شریف کو ایک مضبوط حکومت دینی ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ جتنی مضبوط حکومت نواز شریف کو دیں گے اتنی سستی دوائی عوام کو ملے گی، ہمارے دل میں انتقام کا جذبہ نہیں، نواز شریف آج میٹنگ کر رہے تھے کہ لوگوں کو سستی بجلی اور گیس کیسے دینی ہے، ہماری حکومت کی پوری توجہ مہنگائی کو کم کرنے پر ہوگی، میری سب سے زیادہ توجہ نوجوانوں کا مستقبل بہتر کرنے پر ہو گی، ہر ضلع میں دانش اسکول اور اسپتال بنائیں گے، راستے میں خواتین نے ہماری گاڑیاں روکیں اور کہا کہ وعدہ کریں کہ ہمارے گھروں میں گیس پہنچائیں گی۔