پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے لانگ مارچ 5 اکتوبر تک مؤخر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پشاور میں پی ٹی آئی سیاسی کمیٹی اجلاس میں لانگ مارچ سے متعلق فیصلہ ہوگیا جس کے مطابق 27 ستمبر کا لانگ مارچ مؤخر کر کے 5 اکتوبر کو کیا جائے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ اس فیصلے کا باضابطہ اعلان محمود اچکزئی، علامہ ناصر کو اعتماد میں لینے کے بعد کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے بیرسٹر گوہر کو درخواست کی کہ وہ دونوں رہنماؤں کو فون کریں.
ذرائع نے بتایا کہ بیرسٹر گوہر نے سہیل آفریدی کو کہا کہ فون آپ خود کریں. اجلاس میں محمود اچکزئی اور علامہ ناصر عباس کو سہیل آفریدی کی جانب سے کال کرنے پر اتفاق ہوا.
پی ٹی آئی سیاسی کمیٹی اجلاس کی اندرونی کہانی بھی سامنے آگئی، ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے دوران گفتگو کی گئی کہ حالات حساس ہیں، فی الحال تاریخ ملتوی کرنا چاہیے۔
اس سے قبل سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی خیبر پختونخوا شوکت یوسفزئی نے کہا تھا کہ لانگ مارچ ختم کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ تحریکِ انصاف لانگ مارچ کے لیے مکمل تیار ہے۔ لانگ مارچ پُرامن ہوگا اور اس میں سرکاری وسائل استعمال نہیں کیے جائیں گے۔
شوکت یوسفزئی نے کہا کہ وفاقی حکومت مذاکرات کرے تو لانگ مارچ سے متعلق کچھ فیصلہ ہوسکتا ہے، تاہم اس بار کچھ حاصل کیے بغیر لانگ مارچ ختم نہیں ہو گا۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ہمیں کنٹینرز ہٹا کر راستے کھولنے کی ضرورت نہیں، جہاں راستہ بند ہو گا وہیں دھرنا دیا جائے گا۔