عام انتخابات کےلیے اسلام آباد پولیس نے سیکیورٹی پلان تیار کرلیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی پولیس کا تین سطحی سیکیورٹی پلان تشکیل دیا گیا ہے۔ الیکشن سیکیورٹی پلان اے، بی اور سی کیٹیگریز میں تقسیم ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ 995 پولنگ اسٹیشنز کےلیے رینجرز اور ایف سی کی مدد لی جائے گی جبکہ سیکیورٹی کےلیے پاک فوج کو آن کال رکھا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ ضلع کے 150 پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس قرار دیے گئے ہیں، 450 سے زائد عمارتوں کو پولنگ اسٹیشنز کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔
نیلور، چراہ، تمیر اور کرپا کے پولنگ اسٹیشن اے کیٹیگری میں شامل ہیں، گزشتہ انتخابات میں پُرامن رہنے والے دیہی علاقے بی کیٹیگری میں شامل ہیں جبکہ گزشتہ انتخابات میں پُرامن رہنے والے شہری علاقے سی کیٹیگری میں شامل ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ اسپیشل برانچ کی رپورٹ پر حساس پولنگ اسیٹشنز پر ایف سی تعینات ہوگی، فورسز تعیناتی کی حتمی منظوری وزارت داخلہ سے لی جائے گی۔