پیپلز پارٹی ضلع وسطی کے صدر مسرور احسن کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کے دہشت گردوں نے پیپلز پارٹی کے کارکنان پر تشدد اور جان لیوا حملہ کیا۔
کراچی سے جاری بیان میں پیپلز پارٹی ضلع وسطی کے صدر مسرور احسن نے کہا ہے کہ ایک بار پھر کراچی کے امن کو تباہ کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کے دہشت گردوں نے پیپلز پارٹی کے کارکنان پر تشدد اور جان لیوا حملہ کیا، پیپلز پارٹی کے کارکنان کی گاڑیاں بھی جلائی گئیں۔
صدر پیپلز پارٹی ضلع وسطی کا یہ بھی کہنا ہے کہ ناظم آباد میں پیش آنے والے واقعے کی بھرپور مذمّت کرتے ہیں، درخواست کرتے ہیں کہ اس شہر کے امن کو تباہ ہونے سے بچائیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ شب کراچی کے علاقے ناظم آباد نمبر 2 میں پاکستان پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم پاکستان کے کارکنان میں تصادم ہوا جس کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں ایم کیو ایم کا کارکن جاں بحق، جبکہ پیپلز پارٹی کا کارکن زخمی ہو گیا۔
پولیس کے مطابق جاں بحق شخص فراز ایم کیو ایم کا کارکن تھا، جبکہ زخمی راؤ طلحہٰ پیپلز پارٹی کا کارکن ہے۔
جھگڑا دونوں جماعتوں کی ریلیاں آمنے سامنے آنے پر ہوا۔