اسرائیل فوج نے ایران کے دارالحکومت تہران پر تازہ حملوں میں سرکاری ٹی وی چینل کی عمارت کو نشانہ بنایا، دوران نشریات حملے پر خاتون اینکر کو فوری سیٹ سے ہٹنا پڑا۔
اسرائیلی حملوں کے دوران ایرانی ٹی وی کی اینکر پروگرام چھوڑ کر اٹھ گئیں، جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر سامنے آگئی۔
ایران کے شہر کرمانشاہ میں فارابی اسپتال پر بھی اسرائیلی فوج نے حملہ کیا، اسرائیلی فوج نے پاسداران انقلاب گارڈز کے انٹیلیجنس سربراہ سمیت 4 عہدیداروں کے قتل کا دعویٰ کیا، 4 روز کے دوران اسرائیلی حملوں میں 224 افراد شہید ہوئے۔
ترجمان اسرائیلی فوج کے مطابق اسرائیل نے رات بھر میں ایران میں 20 سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا، نشانہ بنائے گئے اہداف میں جوہری پروگرام کے صدر دفاتر شامل تھے، ایرانی جوہری خطرے اور میزائل پروگرام کو نشانہ بنانے کا کام جاری رہے گا۔
دوسری جانب اسرائیلی وزیر دفاع نے تہران میں شہریوں کو گھر خالی کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ تہران کے شہریوں کو آمریت کی قیمت چکانی پڑے گی، تہران والوں کو وہاں سے گھر خالی کرنا ہوں گے، جہاں حکومتی اہداف پر حملہ ضروری ہوگا۔